دہلی

رام نومی کے موقع پر مختلف ریاستوں میں تشددوحادثات، 14 ہلاک

ملک بھر میں جمعرات کے روز رام نومی تہوار منایا گیا۔ بڑے جلوس نکالے گئے اور خصوصی پوجا کی گئی تاہم مدھیہ پردیش اور راجستھان میں علحدہ علحدہ واقعات میں 14 بھکتوں کی موت اور ملک کے بعض علاقوں میں جھڑپوں و آتشزنی کی وجہ سے تہوار کی خوشیاں متاثر رہیں۔

نئی دہلی/اندور/ہوڑہ: ملک بھر میں جمعرات کے روز رام نومی تہوار منایا گیا۔ بڑے جلوس نکالے گئے اور خصوصی پوجا کی گئی تاہم مدھیہ پردیش اور راجستھان میں علحدہ علحدہ واقعات میں 14 بھکتوں کی موت اور ملک کے بعض علاقوں میں جھڑپوں و آتشزنی کی وجہ سے تہوار کی خوشیاں متاثر رہیں۔

اندور میں آج قدیم مندر کے احاطے میں بنی باؤلی (پرانا کنواں) کا پرانا ڈھانچہ گرنے سے کئی لوگ باؤلی میں گر گئے۔ 13افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ دوپہر دو بجے تک دس افراد کو بحفاظت باہر نکال لیاگیا اور مزید نو افراد کو بچایا جا رہا ہے۔ چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان خود کاروائی کی نگرانی کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ مزید کچھ لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے اور انہیں بحفاظت نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ دہلی میں عوام کی کثیر تعداد نے پولیس کے احکام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جہانگیر پوری میں جلوس نکالاجہاں گزشتہ سال ہنومان جینتی تقاریب کے موقع پر تشدد برپا ہوا تھا۔

رام نومی یاترا کے پیش نظر جلوس کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ نظم وضبط کی برقراری کے لئے جمعرات کو شہر کے جہانگیر پوری علاقہ میں دہلی پولیس عملہ کی کثیر تعداد کو تعینات کیا گیا تھا۔ دہلی پولیس نے پیر کے روز شری رام بھگوان پرتیما یاترا کو اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔ اس کے علاوہ اسی علاقہ کے ایک پارک میں نماز کی ادائیگی کی اجازت بھی نہیں دی تھی۔

اسسٹنٹ کمشنر پولیس‘ ہیڈ کوارٹرس نارتھ ویسٹ ڈسٹرکٹ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک حکم نامہ میں یاترا اور نماز کی اجازت دینے سے انکار کردیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ نظم وضبط کے نقطہ نظر سے اس درخواست کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ 16 اپریل 2022 کو جہانگیر پوری علاقہ میں ہنومان جینتی جلوس کے دوران فرقہ وارانہ جھڑپیں ہوئی تھیں۔

اس کے بعد رونما ہونے والے تشدد میں 8 پولیس ملازمین اور ایک عام شہری زخمی ہوا تھا۔ اسی دوران موصولہ علیحدہ اطلاع کے بموجب پولیس کی جانب سے اجازت نہ دیئے جانے کے باوجود رام نومی جلوس کے لئے دہلی کے جہانگیر پوری علاقہ میں عوام کی کثیر تعداد جمع ہوگئی۔ ریالی سے قبل اس علاقہ میں فساد پر قابو پانے والی فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔

راجستھان کے کوٹا شہر میں رام نومی جلوس کے دوران 3 افراد برقی شاک لگنے سے ہلاک ہوگئے۔ یہ واقعہ شام تقریباً5:45 بجے پر اس وقت پیش آیا جب جلوس کے دوران کرتب بازی کی جارہی تھی۔ لوہے کا رنگ جس کے ذریعہ نوجوان کرتب دکھارہے تھے، اوورہیڈ برقی لائن میں اٹک گیا۔ رنگ نکالنے کی کوشش میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔ مغربی بنگال کے ہوڑہ میں جلوس نکالے جانے کے دوران دو گروپس کے درمیان تشدد پھوٹ پڑا۔ جمعرات کی شام کئی گاڑیوں کو نذرِ آتش کیا گیا اور دکانوں کو لوٹ لیا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی۔

پولیس نے بتایا کہ اِس ضمن میں کئی افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے طاقت کا استعمال کیا۔ علاقہ میں پولیس کی بھاری جمعیت متعین کی گئی جہاں اب صورتحال قابو میں بتائی جاتی ہے۔ چیف منسٹر ممتابنرجی نے جو دھرنے پر ہیں‘ کہا کہ اشرار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ مغربی بنگال کے دیگر مقامات پر بی جے پی اور آرایس ایس قائدین نے جلوسوں کی قیادت کی۔

آرایس ایس نے تقریبا ایک ہزار چھوٹے بڑے جلوسوں کا اہتمام کیا۔ ہوڑہ، کھڑگ پور، بارکپور، بھدریشور، سلی گوڑی اور آسنسول میں ہزاروں افراد نے جئے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے جلوسوں میں شرکت کی۔ اِن جلوسوں میں بھگوان رام کے بڑے بڑے کٹ آؤٹس، ڈھول تاشے، اور زعفرانی پرچم نمایاں تھے۔ جلوسوں میں حصہ لینے والے بعض افراد کے ہاتھوں میں تلواریں اور ترشول بھی تھے۔

a3w
a3w