اگر انڈیا بلاک صرف پارلیمانی انتخابات کیلئے تھا تو اسے ختم کردیں: عمرعبداللہ
عبداللہ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی(عآپ)‘ کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتیں یہ فیصلہ کریں گی کہ وہ بی جے پی سے کس طرح موثر طورپر مسابقت کریں گی۔ دہلی میں اسمبلی انتخابات کے بعد انہیں چاہئے کہ وہ میٹنگ کے لئے اتحاد کے ارکان کا اجلاس طلب کریں۔
جموں: اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ انڈیا بلاک سے کوئی ٹائم لمٹ منسوب نہیں ہے‘ چیف منسٹر جموں وکشمیر عمر عبداللہ نے آج اس کی قیادت اور ایجنڈہ پر وضاحت کے فقدان پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ اتحاد صرف پارلیمانی انتخابات کے لئے تھا تو اسے ختم کردیا جاناچاہئے۔
عبداللہ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی(عآپ)‘ کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتیں یہ فیصلہ کریں گی کہ وہ بی جے پی سے کس طرح موثر طورپر مسابقت کریں گی۔ دہلی میں اسمبلی انتخابات کے بعد انہیں چاہئے کہ وہ میٹنگ کے لئے اتحاد کے ارکان کا اجلاس طلب کریں۔
اگر یہ اتحاد صرف پارلیمانی انتخابات کے لئے تھا تو اسے تحلیل کردیا جانا چاہئے اور ہم علیحدہ علیحدہ طورپر کام کریں گے لیکن اگر یہ اتحاد اسمبلی انتخابات کے لئے بھی تھا تو ہمیں مل بیٹھنا اور اجتماعی طورپر کام کرنا ہوگا۔
نیشنل کانگریس کے لیڈر‘ آر جے ڈی لیڈر کے اس بیان سے متعلق سوال کا جواب دے رہے تھے کہ انڈیا بلاک صرف لوک سبھا الیکشن کے لئے تھا۔انہوں نے کہاکہ جہاں تک مجھے یاد ہے کہ اس کے لئے وقت کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی تھی۔
مسئلہ یہ ہے کہ انڈیا بلاک کی کوئی میٹنگ طلب نہیں کی گئی۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ اصل قیادت‘ پارٹی یا مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں ہے‘ انہوں نے کہا کہ یہ بھی واضح نہیں ہے کہ یہ اتحاد برقرار رہے گا یا نہیں۔ شاید دہلی اسمبلی انتخابات کے بعد انڈیا بلاک کے ارکان کی کوئی میٹنگ طلب کی جائے گی اور صورتِ حال واضح ہوگی۔