دہلی

سپریم کورٹ کی کارروائی کا پہلی بار لائیو ٹیلی کاسٹ

سپریم کورٹ نے آج پہلی بار دستوری بنچ پر جاری سماعت کا لائیو ٹیلی کاسٹ کیا۔ عدالت ِ عظمیٰ میں دستوری تنازعات کی سماعت کرنے 3 دستوری بنچ موجود ہیں۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے آج پہلی بار دستوری بنچ پر جاری سماعت کا لائیو ٹیلی کاسٹ کیا۔ عدالت ِ عظمیٰ میں دستوری تنازعات کی سماعت کرنے 3 دستوری بنچ موجود ہیں۔

دوسری دستوری بنچ جس کے سربراہ جسٹس بی وائی چندر چوڑ ہیں، آج مہاراشٹرا کے سیاسی بحران پر داخل کردہ درخواستوں جس میں ادھو ٹھاکرے کی زیرقیادت اور ایکناتھ شنڈے کی زیرقیادت شیو سینا کے دونوں گروپ شامل ہیں، کی آج سماعت کی گئی۔

سپریم کورٹ نے اگست میں دونوں گروپ کے ادّعاجات سے متعلق کیس کو دستوری بنچ سے رجوع کیا تھا۔ اس کیس میں مہاراشٹرا کے موجودہ چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے اور صدر شیو سینا اُدھو ٹھاکرے کے پارٹی پر ادّعاجات کا فیصلہ کرنے 8 سوالات تیار کیے گئے، جن میں پارٹی سے انحراف، انضمام اور اسمبلی رکنیت سے نااہلیت جیسے امور شامل ہیں۔

عدالت نے کہا تھا کہ نااہلیت کے تعلق سے دستور کے دسویں شیڈول میں اسپیکر اور گورنر کے اختیارات اور عدالتی نظر ثانی جیسے موضوعات شامل ہیں۔ عدالت نے مزید کہا تھا کہ مذکورہ درخواستوں میں اس تعلق سے اہم دستوری مسائل اٹھائے گئے ہیں۔ دستور کے دسویں شیڈول میں منتخبہ اور نامزد کردہ ارکان کا پارٹی سے انحراف کرنے اور اس کے خلاف سخت موقف کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

پیر کے دن چیف جسٹس آف انڈیا اُدے اومیش للت کی زیرقیادت بنچ نے کہا تھا کہ عدالت یوٹیوب کا استعمال کرنے کے بجائے اپنے خود کے پلیٹ فارم سے بنچ کی کارروائی ٹیلی کاسٹ کرے گی۔ حال ہی میں چیف جسٹس آف انڈیا کی زیرصدارت مکمل بنچ نے 27 ستمبر سے تمام دستوری بنچوں سے عدالتی کارروائی لائف ٹیلی کاسٹ کرنے کا متفقہ فیصلہ کیاتھا۔

27 ستمبر 2018ء کو اس وقت کے چیف جسٹس آف انڈیا دیپک مشرا نے ایک سنگ میل فیصلہ دیتے ہوئے دستوری اہمیت کے معاملوں کی اہم کارروائی ٹیلی کاسٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 26 اگست کو پہلی بار اس وقت کے چیف جسٹس این وی رمنا جس دن وہ سبکدوش ہوئے نے سپریم کورٹ کی ایک بنچ پر سماعت کو ٹیلی کاسٹ کیاتھا۔