کالیشورم پراجکٹ کا نام بدلا تو کانگریس قائدین کے ناموں والے تمام اداروں کے نام بدل دیں گے: کے ٹی آر
بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) نے کالیشورم پراجکٹ کا نام تبدیل کرنے کی مبینہ کوشش پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس حکومت کو انتباہ دیا ہے کہ اگر بی آر ایس دوبارہ اقتدار میں آئی تو کانگریس قائدین کے ناموں سے موسوم تمام اداروں اور پراجکٹس کے نام تبدیل کردیے جائیں گے۔
حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) نے کالیشورم پراجکٹ کا نام تبدیل کرنے کی مبینہ کوشش پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس حکومت کو انتباہ دیا ہے کہ اگر بی آر ایس دوبارہ اقتدار میں آئی تو کانگریس قائدین کے ناموں سے موسوم تمام اداروں اور پراجکٹس کے نام تبدیل کردیے جائیں گے۔
کے ٹی آر نے کہا کہ کالیشورم کسی سیاسی قائد کے نام پر نہیں رکھا گیا تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر پراجکٹس اور سرکاری اسکیموں کے نام تبدیل کرنے سے عوام کو کیا فائدہ ہوگا؟ ان کے مطابق سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ (کے سی آر) نے پراجکٹس کے نام اپنے نام پر رکھنے کے بجائے دیوی دیوتاؤں اور مذہبی شخصیات سے منسوب کیے تھے۔
انہوں نے لکشمی، پاروتی، سرسوتی، سمیّکا، سیتما، رنگانائیکا، کونڈا پوچما اور ملنا ساگر جیسے پراجکٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان ناموں کا تعلق مذہبی اور ثقافتی روایات سے ہے۔
کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے کاکا وینکٹ سوامی کا مجسمہ ٹینک بنڈ پر نصب کیا تھا، حالانکہ ان کا بی آر ایس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ اسی طرح سابق حکومت نے کانگریس کے سینئر قائد اور سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کے نام سے یونیورسٹی بھی قائم کی تھی، جن کی خود کانگریس نے بے عزتی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی آر ایس حکومت نے سکریٹریٹ کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے موسوم کیا اور اس کے قریب امبیڈکر کا 125 فٹ بلند مجسمہ بھی نصب کیا۔
کانگریس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت نے اناپورنا کینٹین کا نام تبدیل کرکے اندراما رکھ دیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ صرف نام بدلنے سے عوام کو کیا فائدہ حاصل ہوا؟ ان کے مطابق حکومت کو ناموں کی تبدیلی کے بجائے عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
کے ٹی آر نے سابق مرکزی وزیر جے پال ریڈی کے نام پر ضلع قائم کرنے اور پالمورو۔رنگاریڈی پراجکٹ کو ان کے نام سے موسوم کرنے کے معاملے پر بھی چیف منسٹر ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جے پال ریڈی کی جتنی بے عزتی ریونت ریڈی نے کی ہے، اتنی کسی اور نے نہیں کی۔
کے ٹی آر نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اگر کے سی آر سے سیاسی دشمنی کی بنیاد پر کالیشورم پراجکٹ کا نام تبدیل کیا گیا تو بی آر ایس اقتدار میں واپسی کے بعد کانگریس قائدین کے ناموں سے موسوم تمام اداروں اور پراجکٹس کے نام تبدیل کردے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس فہرست میں ایئرپورٹ اور اپل اسٹیڈیم بھی شامل ہوں گے۔
کے ٹی آر کے ان بیانات سے تلنگانہ میں کالیشورم پراجکٹ کے نام اور سابقہ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی وراثت پر کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان سیاسی کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔