ناجائز تعلقات: خاتون کی نعش کے ساتھ رشتہ داروں کا 2 دنوں تک دھرنا
ملیش نے خاتون کو اس کے ساتھ ہوئے ناجائز تعلقات کا انکشاف اس کے شوہر سے کرنے کا بھی انتباہ دیا جس پر مایوسی کے عالم میں اس خاتون نے اپنے مکان میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں ایک خاتون کی لاش کے ساتھ دو دنوں تک اس کے عاشق کے مکان کے سامنے خاتون کے رشتہ داروں نے دھرنا دیا۔تفصیلات کے مطابق محبوب نگر رورل منڈل، گاجولاپیٹ میں کرانہ دکان چلانے والی ایک خاتون کے ساتھ اسی گاوں کے رہنے والے ملیش کے ناجائز تعلقات قائم ہوگئے۔
ملیش نے اس خاتون کے پاس سے دو لاکھ روپئے نقد رقم کے ساتھ ساتھ چارتولے کے طلائی زیورات بھی قرض کے طورپر حاصل کرلئے۔باربارتوجہ دہانی کے باوجود بھی اس نے یہ رقم اورزیورواپس نہیں کئے اور خاتون کو دھمکانے لگا۔
اس نے خاتون کو اس کے ساتھ ہوئے ناجائز تعلقات کا انکشاف اس کے شوہر سے کرنے کا بھی انتباہ دیا جس پر مایوسی کے عالم میں اس خاتون نے اپنے مکان میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔
اس واقعہ کے ساتھ ہی خاتون کے رشتہ دار بڑی تعداد میں جمع ہوگئے جنہوں نے لاش کے ساتھ ملیش کے مکان کے سامنے احتجاج شروع کردیا۔اس واقعہ کے ساتھ ہی ملیش اور اس کے ارکان خاندان گھر کو مقفل کرکے فرار ہوگئے۔