بھارت

موہن بھاگوت ’راشٹر پتا‘ اور ’راشٹر رِشی‘ ہیں: امام عمر احمد الیاسی

عمر الیاسی کے بھائی صہیب الیاسی نے کہا کہ ہمارے والد کا سنگھ سے پرانا تعلق تھا، موہن بھاگوت جمیل الیاسی کی برسی پر مسجد آئے تھے، یہ ایک فیملی پروگرام تھا اور اسے صرف اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہئے۔

نئی دہلی: آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے سربراہ امام عمر احمد الیاسی نے آج آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو راشٹر پتا (بابائے قوم) اور راشٹر رشی قرار دیا ہے۔ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت سے اپنی قیام گاہ پر ملاقات کے بعد انہوں نے یہ بات کہی۔  

ملاقات کے بعد آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے امام عمر احمد الیاسی نے کہا کہ موہن بھاگوت کا ہمارے گھر آنا ایک اعزاز کی بات ہے۔ بھاگوت ملاقات کے لئے امام ہاؤس آئے تھے اور وہ ہمارے راشٹر پتا اور راشٹر رشی ہیں۔ ملک کی یکجہتی اور سالمیت کو برقرار رکھا جانا چاہئے۔ سبھی مختلف طریقے سے عبادت کرتے ہیں، لیکن اس سے پہلے ہم سب انسان ہیں۔ ہم ہندوستان میں رہتے ہیں اور ہندوستانی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان وشو گرو بننے کے راستے پر ہے اور ہم سب کو اس کے لئے کوشش کرنی چاہئے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے بھاگوت کو راشٹر پتا کہا ہے تو الیاسی نے کہا ہاں بالکل، وہ راشٹر پتا (بابائے قوم) ہیں۔

عمر الیاسی کے بھائی صہیب الیاسی نے کہا کہ ہمارے والد کا سنگھ سے پرانا تعلق تھا، موہن بھاگوت جمیل الیاسی کی برسی پر مسجد آئے تھے، یہ ایک فیملی پروگرام تھا اور اسے صرف اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہئے۔

صہیب الیاسی نے کہا کہ بھاگوت نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لئے مسلم دانشوروں سے بات چیت کی۔

قبل ازیں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے صدر امام عمر احمد الیاسی سے قومی دارالحکومت میں کستوربا گاندھی (کے جی) مارگ پر واقع مسجد میں ان کے دفتر پہنچ کر ملاقات کی۔

اس ملاقات کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے، آر ایس ایس پرچار پرمکھ نے بتایا کہ آر ایس ایس سربراہ سماج کے مختلف طبقات کے لوگوں سے ملتے ہیں۔ یہ مسلسل بات چیت (تبادلہ خیال) کے عمل کا ایک حصہ ہے۔

بھاگوت، جو مسلمانوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں، اگست میں بھی عمر الیاسی سے ملے تھے۔ حال ہی میں بھاگوت نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لئے مسلم دانشوروں سے بھی بات چیت کی تھی۔

بھاگوت نے 22 اگست کی میٹنگ میں سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی، دہلی کے سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ضمیر الدین شاہ، سابق ایم پی شاہد صدیقی اور صنعت کار اور سماجی کارکن سعید شیروانی سے ملاقات کی تھی۔