شہرحیدرآباد میں گنیش مورتیوں کا وسرجن جاری
شہرحیدرآباد میں گنیش مورتیوں کا وسرجن جاری ہے۔گنیش جلوس کا ریاستی دارالحکومت حیدرآباد اورتلنگانہ کے کئی اضلاع میں جاری ہے۔

حیدرآباد: شہرحیدرآباد میں گنیش مورتیوں کا وسرجن جاری ہے۔گنیش جلوس کا ریاستی دارالحکومت حیدرآباد اورتلنگانہ کے کئی اضلاع میں جاری ہے۔
وسرجن بدھ کی صبح تک جاری رہے گا۔خیریت آباد کے علاقہ سے 70 فٹ لمبے گنیش کی مورتی کو لے جانے والے جلوس میں ہزاروں افرادشامل ہوئے۔ خیریت آباد گنیش سمیتی نے بتایا کہ جلوس کے سلسلہ میں مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔
پرانے شہر کے مضافات میں واقع بالاپور سے مرکزی جلوس تقریباً 18 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے پرانے شہر سے گزر کر حسین ساگر میں اپنی آخری منزل پر پہنچے گا۔
توقع ہے کہ مختلف سائز اور ڈیزائن کی تقریباً ایک لاکھ گنیش کی مورتیاں حسین ساگر کے ساتھ ساتھ شہر کے آس پاس کی دیگر جھیلوں اور تالابوں میں وسرجن گی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے وسرجن کے عمل کے لیے تقریباً 360 کرینوں کو تیار رکھا ہے۔
وسرجن کے مقامات پر 25,000 سے زیادہ پولیس ملازمین تعینات کیے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ٹریفک کے انتظام کے لیے دس کنٹرول رومس قائم کیے گئے ہیں اور جلوسوں کی نگرانی کے لیے 733 نگرانی کے کیمرے لگائے گئے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ خواتین کی حفاظت کے لیے حسین ساگر کے اطراف شی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن وسرجن میں شرکت کرنے والوں کے لیے خصوصی بسیں چلا رہی ہے۔
حیدرآباد میٹرو اور ایم ایم ٹی ایس بھی وسرجن کی تقاریب میں شرکت کرنے والوں کے لیے مزید ٹرپس چلارہی ہیں۔ریاستی حکومت نے حیدرآباد اور متصل رنگا ریڈی اور میڑچل ملکاجگری اضلاع میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
وسرجن جلوسوں کے دوران امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے حیدرآباد اور سکندرآباد میں شراب کی تمام دکانیں بشمول بار اور ریستورنٹس بند کردیئے گئے ہیں۔شہر کی ٹریفک پولیس نے وسرجن کے جلوس کی آسانی سے پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے کئی اہم راستوں پر پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔
پولیس نے شہر میں بھاری گاڑیوں اور خانگی بسوں کے داخلے پر منگل کی صبح 600 بجے سے بدھ کی شام 2300 بجے تک پابندی لگا دی ہے۔
پولیس کے مطابق، وسرجن کا عمل اب تک کسی بھی ناگہانی واقعہ سے پاک رہا ہے۔ اسی طرح کے پرامن وسرجن تلنگانہ کے دیگر حصوں میں بھی ہو رہے ہیں۔