ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کا اہم بیان
آیت اللہ خامنہ ای نے خبردار کیا کہ دنیا کے موقع پرست اور طاقت حاصل کرنے کے خواہش مندوں کی کوشش ہے کہ مصنوعی ذہانت کی ایجنسی بنائی جائے تا کہ دیگر ممالک اس میدان میں آگے نہ آسکیں۔

تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے صدر مسعود پزشکیان حکومت پر زور دیا کہ وہ مصنوعی ذہانت کا اعلیٰ ترین معیار حاصل کرتے ہوئے اے آئی سائنسز میں اپنے طور پر انفرااسٹرکچر بنائے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے صدر پزشکیان اور ان کی نئی کابینہ سے پہلی ملاقات کے موقع پر صدر پزشکیان حکومت پر زور دیا کہ دنیا کے ممالک پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت بہت اہم معاملہ ہے اور یہ ایک موقع ہے جسے ایران کو حاصل کرنا چاہیے۔
سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ایران ماضی میں قالینوں اور تیل کی وجہ سے جانا جاتا تھا مگر آج اس کی پہچان سائنس، علاقائی قوت اور اسٹریٹیجک گہرائی ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے خبردار کیا کہ دنیا کے موقع پرست اور طاقت حاصل کرنے کے خواہش مندوں کی کوشش ہے کہ مصنوعی ذہانت کی ایجنسی بنائی جائے تا کہ دیگر ممالک اس میدان میں آگے نہ آسکیں۔
ایرانی سپریم لیڈر نے سائبر اسپیس سے متعلق کہا کہ یہ بے قابو ہے، اس ضمن میں قانون کی بالادستی ہونی چاہیے ورنہ یہ خطرہ بن جائے گی۔
اس موقع پر ایرانی صدر کا مغربی ممالک کی پابندیوں سے متعلق کہنا تھا کہ اگر ایران اپنے تمام پڑوسیوں سے دوستانہ تعلقات قائم کرلے تو امریکی پابندیاں بے اثر اور بے معنی ہوجائیں گی۔
ایرانی صدر پزشکیان نے مسلم ممالک کے ایک دوسرے سے تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور بھائیوں کے درمیان امن قائم کیا جانا چاہیے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ یورپیوں نے اپنی سرحدیں ایک دوسرے کیلئے کھولیں، متحد ہوئے اور ایک کرنسی اپنا لی مگر ہم مسلمان اپنے درمیان دیوار بنا رہے ہیں۔