عمران خان کو گرفتار کرلیا جائے گا
پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پیر کے دن عمران خان کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے حکومت کے خلاف تازہ احتجاج شروع کیا تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔

لاہور: پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پیر کے دن عمران خان کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے حکومت کے خلاف تازہ احتجاج شروع کیا تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔
انہوں نے پاکستان تحریک ِ انصاف(پی ٹی آئی) کے سربراہ پر ”احتجاج کی سیاست“ کرنے کا الزام عائد کیا۔ رانا ثناء اللہ نے صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں پاکستان مسلم لیگ نواز(پی ایم ایل این) ورکرس سے پارٹی کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کو خبردار کیا کہ وفاقی حکومت انہیں گرفتار کرنے کے لئے تیار ہے۔
اخبار ڈان نے یہ اطلاع دی۔ عمران خان نے چند دن قبل اپنی پارٹی کے ورکرس اور حامیوں سے کہا تھا کہ وہ وفاقی حکومت کے خلاف ”جیل بھرو تحریک“ کے لئے تیار ہوجائیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی جیلوں میں اتنی جگہ نہیں ہے کہ سارے لوگ سما سکیں۔ پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک پر وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ عمران خان کو اسی ڈیتھ سل (کال کوٹھری) میں ڈالا جائے گا جہاں گرفتاری کے بعد مجھے رکھا گیا تھا۔