مہاراشٹرا

حکومت مہاراشٹرا کو مراٹھا برادری کو کوٹہ دینے کا الٹی میٹم

جہد کارمنوج جرنگے نے اتوار کے دن کہا کہ حکومت مہاراشٹرا نے اگر منگل تک مراٹھابرادری کو کوٹہ نہیں دیاتو وہ 25اکتوبر سے مرن برت شروع کردیں گے۔

جالنہ/ممبئی: جہد کارمنوج جرنگے نے اتوار کے دن کہا کہ حکومت مہاراشٹرا نے اگر منگل تک مراٹھابرادری کو کوٹہ نہیں دیاتو وہ 25اکتوبر سے مرن برت شروع کردیں گے۔

ضلع جالنہ کے موضع انترولی سارتی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں جرنگے نے کہا کہ ریزرویشن کا مطالبہ پورا ہونے تک مراٹھابرادری سیاسی قائدین بشمول ارکان پارلیمنٹ وارکان اسمبلی کو ریاست کے مواضعات میں داخل ہونے نہیں دے گی۔ جرنگے نے سرکاری نوکریوں اور تعلیم میں او بی سی زمرہ کے تحت مراٹھوں کو ریزرویشن کے مطالبہ پر زوردینے جاریہ سال ستمبر میں بھوک ہڑتال کی تھی۔

انہوں نے حکومت کو 24اکتوبر تک 40 دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے اپنا احتجاج واپس لیاتھا۔ منوج جرنگے نے کہا کہ حکومت مہاراشٹرا نے مراٹھابرادری کو ریزرویشن دینے کا فیصلہ 24اکتوبر تک نہیں کیاتو میں مرن برت شروع کردوں گا۔ دیگر مواضعات کے لوگ بھی ایسا ہی احتجاج شروع کردیں گے۔

آنے والے دنوں میں سارے مواضعات کے لوگ غیرمعینہ مدتی بھوک ہڑتال میں شامل ہوجائیں گے۔ انہوں نے مراٹھاکمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ کوٹہ مطالبہ کی تائید میں موم بتی جلوس نکالے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ یہ جنگ جیسی لڑائی ہے جو پرامن طریقے سے لڑی جارہی ہے۔

میں 28اکتوبر کو نئی ہدایات جاری کروں گا۔ حکومت‘ اس کا تحمل نہیں کرسکے گی۔ جرنگے نے کہا کہ وہ مرن برت کے دوران نہ تو پانی پئیں گے اور نہ طبی امداد لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 25اکتوبر زنجیری بھوک ہڑتال شروع کی جائے گی جو 28اکتوبر کو مکمل بھوک ہڑتال میں بدل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہرموضع اور تحصیل میں مراٹھابرادری موم بتی جلوس نکالے گی۔ 5کروڑ مراٹھے احتجاج میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے مراٹھابرادری سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ خودکشی جیسے انتہائی اقدامات نہ کرے۔ انہوں نے کہاکہ پرامن احتجاج ہمارے بجامطالبات کی راہ ہموار کرے گا۔ جہد کار نے الزام عائد کیاکہ ریاستی حکومت مراٹھابرادری کے اندر مخالف کوٹہ جذبات کو ہوا دینے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے مرکزی وزیرنارائن رانے اور شیوسینا قائد رام داس کدم پر ان کے مخالف کوٹہ بیانات کیلئے نام لئے بغیر تنقید کی۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا ایکناتھ شنڈے اور ڈپٹی چیف منسٹر دیویندرپھڈنویس نے کہاتھا کہ حکومت مراٹھوں کو کوٹہ دینے کی پابند ہے۔ اسی کے ساتھ وہ یہ یقینی بنائے گی کہ دوسری برادریوں کو کوٹہ متاثر نہ ہو۔

a3w
a3w