دہلی میں قیامت خیز گرمی درجہ حرارت 52.3ڈگری
محکمہ کی ویب سائٹ کے مطابق ایک دن بعد درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوا اور موسمیاتی اسٹیشن نے 4:14 بجے 52.3 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا۔

نئی دہلی: دہلی کے منگیش پور علاقہ میں چہارشنبہ کو 52.3 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں ریکارڈ کیا جانے والا یہ سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ منگل کے روز شمال مغربی دہلی کے موسمیاتی اسٹیشن نے 49.9 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا تھا۔
محکمہ کی ویب سائٹ کے مطابق ایک دن بعد درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوا اور موسمیاتی اسٹیشن نے 4:14 بجے 52.3 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا۔ آئی ایم ڈی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ دہلی میں اب تک ریکارڈ کیا جانے والا یہ سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔
درجہ حرارت میں اضافہ کی وجوہات بتاتے ہوئے آئی ایم ڈی کے علاقائی سربراہ کلدیپ سریواستو نے بتایا کہ راجستھان سے آنے والی گرم ہواؤں سے سب سے پہلے شہر کے مضافاتی علاقے متاثر ہوتے ہیں۔ گرم ہواؤں کی جلد آمد سے متاثر ہونے والے دہلی کے علاقوں میں منگیش پور‘ نریلا اور نجف گڑھ شامل ہیں۔