حیدرآباد

پرفتن دور میں نونہالانِ امت کو دینی تعلیمات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت: مولانا محمد حبیب الرحمٰن حسامی

انہوں نے کہا کہ کلماتِ اسلام، ایمانِ مجمل و ایمانِ مفصل کو یاد کرانا اور ان کی تشریح کے مطابق عقیدہ مضبوط کرنا، احادیث نبویہ اور مسنون دعاؤں کو زندگی کا معمول بنانا ایمان کے بقا اور اعمال کی درستی کا ذریعہ ہے۔

حیدرآباد: جامعہ عربیہ ارشاد العلوم سلیمان نگر میر محمود پہاڑی حیدرآباد کے ناظم مولانا محمد حبیب الرحمٰن حسامی نے کہا کہ موجودہ پرفتن دور میں نونہالانِ امت کو بچپن سے ہی دین کی بنیادی تعلیمات سے آگاہ کرنا اور عقیدۂ توحید پر مضبوطی سے قائم رکھنے کے لیے ایمانیات کی پختہ تعلیم دینا نہایت ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں
ڈاکٹر شبانہ کیسر سوری دوبارہ مانوٹا کی صدر منتخب
وزیر اے لکشمن کمار کی 41ویں آل انڈیا سنٹرل جُلوسِ واپسی اہلِ حرم میں شرکت کی یقین دہانی
جامعہ راحت عالم للبنات عنبرپیٹ میں نزول قرآن کا مقصد اور نماز کی اہمیت و فضیلت کے موضوع پر جلسہ
دوسروں کا دل رکھنے اور خوشی بانٹنے کے اثرات زیر عنوان مولانا مفتی حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
اللہ کی عطا کردہ صلاحیتیں — ایک غور و فکر کی دعوتخطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز کا خطاب

انہوں نے کہا کہ کلماتِ اسلام، ایمانِ مجمل و ایمانِ مفصل کو یاد کرانا اور ان کی تشریح کے مطابق عقیدہ مضبوط کرنا، احادیث نبویہ اور مسنون دعاؤں کو زندگی کا معمول بنانا ایمان کے بقا اور اعمال کی درستی کا ذریعہ ہے۔

یہ بات انہوں نے جامعہ عربیہ ارشاد العلوم سلیمان نگر میں جدید شائع شدہ کتاب "آفاق دینیات” (اول تا پنجم) طلبہ میں تقسیم کرنے کے موقع پر کہی۔ واضح رہے کہ اس کتاب کے پانچوں حصوں کا رسم اجراء حال ہی میں مولانا غیاث احمد رشادی، صدر صفا بیت المال انڈیا و منبر و محراب فاؤنڈیشن، کے ہاتھوں انجام پایا تھا۔

مولانا حسامی نے بتایا کہ "آفاق دینیات” ایک جدید طرز کی معیاری کتاب ہے جس میں دینیات کے اسباق کو ہفتہ وار ترتیب دی گئی ہے، بچوں کی نفسیات کو مدنظر رکھا گیا ہے اور نصاب کو ماہانہ امتحانات کے لیے واضح انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ کتاب دیدہ زیب ڈیزائن، بڑے حروف، معیاری کاغذ اور بڑے سائز میں شائع کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ نصاب جامعہ عربیہ ارشاد العلوم، گلشنِ ارشاد ماڈل اسکول (اردو میڈیم)، GIMS انگلش میڈیم سلیمان نگر، اور کرناٹک کے ضلع بیدر میں فیوچر اسٹارس انگلش میڈیم اسکول میں شامل کیا جا چکا ہے، جہاں طلبہ اس سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں۔

کتاب میں 60 احادیث، 62 یومیہ دعائیں، کلماتِ اسلام، 100 سے زائد مذہبی کوئز، ایمانِ مجمل و مفصل، 12 سورتیں، نماز اور وضو کے احکام، نمازِ جنازہ، جمعہ کے اعمال، والدین کا مقام، سجدۂ تلاوت و سہو کے مسائل، دعاے قنوت، کھانے پینے کی سنتیں، موبائل فون کے نقصانات، اقوالِ زریں اور اہم نصائح شامل ہیں۔

مولانا حسامی نے کہا کہ اس کتاب کو مدارس، مکاتب اطفال، مکاتب نسواں اور عصری اسکولوں کے لیے آسان نصاب کے طور پر تیار کیا گیا ہے، اور ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں اس کی دستیابی کے مقامات مقرر کر دیے گئے ہیں۔

کتاب حیدرآباد میں دی رحمٰن امپرنٹ سلیمان نگر، رشادی پبلشرز ملک پیٹ، یاسین بک ڈپو مغلپورہ اور مکتبہ کلیمیہ ملے پلی میں دستیاب ہے۔ مزید معلومات کے لیے 9346251766 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔