فوڈپوائزنگ کے واقعات، وزیرٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کا عہدیداروں کو انتباہ
پونم پربھاکر نے طلبہ کومشورہ دیا کہ وہ اپنے والدین کی طرف سے ان پر کئے گئے بھروسہ کو پورا کرتے ہوئے محنت کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور اعلیٰ عہدوں پر فائزہوں۔اس موقع پر انہوں نے ان مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے ریاست کے مختلف گروکل اسکولس میں فوڈپوائزنگ کے واقعات پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی بصورت دیگرانہوں نے عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔
وزیرموصوف نے ضلع سدی پیٹ کے ورگل مہاتما جیوتی باپھولے گروکل اسکول میں ریاستی سطح کے کھیلوں کے مقابلے کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ وہ ان طلبہ کے تئیں ذمہ داری سے کام لیں جو جوش وخروش کے ساتھ گروکل اسکولس میں تعلیم کے لئے آرہے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ اسکولس میں فوڈپوائزنگ کے واقعات پیش نہ آئیں۔انہوں نے طلبہ کومشورہ دیا کہ وہ اپنے والدین کی طرف سے ان پر کئے گئے بھروسہ کو پورا کرتے ہوئے محنت کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور اعلیٰ عہدوں پر فائزہوں۔اس موقع پر انہوں نے ان مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کئے۔