تجارت

یو پی آئی لائٹ اور یو پی آئی 123 کی ادائیگی کی حد میں اضافہ

ریزرو بینک آف انڈیا نے یونیفائیڈ پیمنٹ انٹرفیس (یو پی آئی) کو وسیع پیمانے پر اپنانے کی حوصلہ افزائی کے لیے یو پی آئی لائٹ اور یو پی آئی 123 کے صارفین کے لیے ادائیگی کی حد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نئی دہلی: ریزرو بینک آف انڈیا نے یونیفائیڈ پیمنٹ انٹرفیس (یو پی آئی) کو وسیع پیمانے پر اپنانے کی حوصلہ افزائی کے لیے یو پی آئی لائٹ اور یو پی آئی 123 کے صارفین کے لیے ادائیگی کی حد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانت داس نے مانیٹری پالیسی کمیٹی کی تین روزہ میٹنگ کے بعد جمعرات کو یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یو پی آئی 123 مارچ 2022 میں لانچ کیا گیا تھا جس کا مقصد فیچر فون صارفین کو یو پی آئی استعمال کرنے کا اہل بنانا تھا۔

یہ فیچر اب 12 زبانوں میں دستیاب ہے۔ فی الحال یو پی آئی 123پے میں فی لین دین کی حد 5000 روپے تک محدود ہے۔ استعمال کے معاملات کو وسیع کرنے کے لیے، متعلقین کی مشاورت سے فی ٹرانزیکشن کی حد کو 10,000 روپے تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ این پی سی آئی کو جلد ہی ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یو پی آئی لائٹ کی فی لین دین کی حد فی الحال 500 روپے ہے اور یو پی آئی لائٹ والیٹس کے لیے 2000 روپے کی مجموعی حد نافذ ہے، جس میں آٹو – رپلینشمنٹ کی سہولت بھی شامل ہے۔

اس پروڈکٹ کے استعمال کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے، اب یو پی آئی لائٹ والیٹ کی حد کو 5,000 روپے اور فی ٹرانزیکشن کی حد کو بڑھاکر 1,000 روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آف لائن ڈیجیٹل موڈ میں چھوٹی قیمت کی ادائیگیوں کو آسان بنانے کے لئے ریزرو بینک کی طرف سے جاری کردہ فریم ورک جس کے تحت یو پی آئی لائٹ کو فعال کیا گیا ہے، میں مناسب ترامیم کی جائیں گی ۔