ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو 12 رن سے ہرادیا۔ گل کی ڈبل سنچری
شبھمان گل کے کیریر کی پہلی ڈبل سنچری اور محمد سراج کی شاندار بولنگ کی مدد سے ہندوستان نے پہلے ونڈے میں نیوزی لینڈ کو 12 رن سے شکست دیکر 3 میاچس کی سیریز میں ایک۔صفر کی سبقت حاصل کرلی۔
حیدرآباد: شبھمان گل کے کیریر کی پہلی ڈبل سنچری اور محمد سراج کی شاندار بولنگ کی مدد سے ہندوستان نے پہلے ونڈے میں نیوزی لینڈ کو 12 رن سے شکست دیکر 3 میاچس کی سیریز میں ایک۔صفر کی سبقت حاصل کرلی۔
نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 350 رنوں کی ضرورت تھی تاہم پوری ٹیم 49.2 اوورس میں 337 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ مہمان ٹیم ایک موقع پر 131 رنوں پر اپنے 6 وکٹ گنواچکی تھی اور ایسا محسوس ہورہا تھاکہ میاچ یکطرفہ ہوچکا ہے تاہم اس موقع پر مائیکل براسویل اور مچل سینٹنر نے ساتویں وکٹ کیلئے ریکارڈ 162 رنوں کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو جیت کے قریب پہنچادیا تھا۔
براسویل نے آخری اووت تک بھی جدودجہ کی تاہم وہ شردل ٹھاکر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ براسویل نے 78 گیندوں میں 12 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 140 جبکہ سینٹنر نے 45 گیندوں میں سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رن بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر فن ایلن بھی قابل قدر مظاہرہ کرپائے جنہوں نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رن بنائے۔
ہندوستان کی جانب سے محمد سراج نے ایک مرتبہ پھر شاندار بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورس میں محض 46 رنوں کے عوض 4 وکٹ لئے جبکہ دو اوورس میڈن بھی کئے۔ دیگر بولرس میں کلدیپ یادو اور شردل ٹھاکر نے 2,2 جبکہ ہاردیک پانڈیا اور محمد سمیع نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں ہندوستان نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے شبھمان گل کی شاندار ڈبل سنچری کی مدد سے 349 رن بنائے۔ گل نے 149 گیندوں میں 19 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 208 رن بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان روہت شرما 34‘ کوہلی 8‘ ایشان کشن 5‘ سوریا کمار یادو 31‘ ہاردیک پانڈیا 28 اور واشنگٹن سندر 12 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے شپلی اور ڈیرل مچل نے 2,2 جبکہ لوکی فرگوسن‘ ٹکنر اور سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سیریز کا دوسرا ونڈے ہفتہ 21 جنوری کو رائے پور میں کھیلا جائے گا۔