دہلی

ہند۔ چین راست پروازوں کی عنقریب بحالی کا امکان نہیں

پروازوں میں خلل سینکڑوں ہندوستانی طلبا اور چین میں کام کرنے والے ہندوستانیوں کے کنبوں اور تاجروں کے لئے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ کسی اور ملک کے ذریعہ چین پہنچنا کافی مہنگا ہے۔

بیجنگ: ہندوستان اور چین کے درمیان راست مسافر پروازیں مستقبل قریب میں بحال ہونے کا امکان نہیں ہے۔ بیجنگ کواس کے لئے شیڈولڈ پروازیں اچانک منسوخ کرنے کی اپنی پالیسی بدلنی ہوگی۔باخبر ذرائع نے بیجنگ میں یہ بات بتائی۔

 چین کے ایرپورٹس پر آمد کے بعد جب بھی چند مسافرین کووِڈ پازیٹیو پائے جاتے ہیں‘ چین شیڈولڈ پروازیں منسوخ کردیتا ہے۔ 2019کے اواخر میں ووہان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سے ہندوستان اور چین کے درمیان پروازیں درہم برہم ہیں۔

 پروازوں میں خلل سینکڑوں ہندوستانی طلبا اور چین میں کام کرنے والے ہندوستانیوں کے کنبوں اور تاجروں کے لئے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ کسی اور ملک کے ذریعہ چین پہنچنا کافی مہنگا ہے تاہم حالیہ ہفتوں میں 100 سے زائد ہندوستانی طلبا براہ ہانگ کانگ‘چین لوٹ چکے ہیں۔ ہندوستانی مسافرین فی الحال براہ سری لنکا‘ نیپال اور میانمار‘ چین کا سفر کررہے ہیں۔