ہند۔ مالدیپ میری ٹائم سیکوریٹی پارٹنرشپ کو فروغ دینے کا عزم
ہندوستان اور مالدیپ نے جامع اقتصادی اور بحری سلامتی کی ساجھے داری کے لیے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اپنے عہد کا اظہار کیا ہے۔
نئی دہلی: ہندوستان اور مالدیپ نے جامع اقتصادی اور بحری سلامتی کی ساجھے داری کے لیے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اپنے عہد کا اظہار کیا ہے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور مالدیپ کے وزیر دفاع محمد غسان مامون نے آج یہاں دو طرفہ بات چیت کے دوران دفاعی اور سیکورٹی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا۔ وزارت دفاع کے مطابق بات چیت کے دوران دونوں فریقوں نے ہندوستان-مالدیپ جامع اقتصادی اور میری ٹائم سیکورٹی پارٹنرشپ کے مشترکہ وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر دفاع نے مالدیپ کی دفاعی تیاریوں میں صلاحیت سازی میں مدد سمیت دفاعی پلیٹ فارم اور اس کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے اثاثوں کی فراہمی، قومی ترجیحات، ہندوستان کی ‘پڑوسی سب سے پہلے ‘ پالیسی اور ساگر میں (خطہ میں سب کے لیے سلامتی اور ترقی کے ویژن کے مطابق) حمایت کے لیے ہندوستان کی تیاری کی تصدیق کی۔
مامون نے ضرورت کے وقت مالدیپ کے لیے ‘پہلے جواب دہندہ’ کے طور پر ہندوستان کے تاریخی کردار کی تعریف کی اور جدید بنیادی ڈھانچہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور دفاعی اور سیکورٹی اہلکاروں کی تربیت میں مالدیپ کی مدد کرنے کے لیے ہندوستان کا شکریہ ادا کیا۔
مالدیپ کی حکومت کی درخواست پر ہندوستان نے مالدیپ کو دفاعی ساز و سامان اور فوجی ساز و سامان فراہم کیا ہے۔ مالدیپ کے وزیر دفاع ہندوستان کے اپنے پہلے سرکاری دورے پر ہیں۔ یہ دورہ دونوں فریقوں کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کو جاری رکھنے کا حصہ ہے۔
یہ دورہ دونوں ممالک اور بحر ہند کے خطہ کے باہمی فائدے کے لیے دوطرفہ دفاعی اور سیکورٹی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔