انڈیا کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹی 20 جیتنے کے لیے 209 رنز درکار
یہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں ہندوستان کے خلاف نیوزی لینڈ کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے،
رائے پور: نیوزی لینڈ نے ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنا کر ہندوستان جیت کے لیے 209 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔
ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا، تاہم کیوی بلے بازوں نے بھارتی اٹیک کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ یہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں ہندوستان کے خلاف نیوزی لینڈ کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل کیویز نے 2017 میں راجکوٹ میں 196 رنز بنائے تھے۔
نیوزی لینڈ کے اوپنرز ڈیون کونوے اور ٹم سیفرٹ نے ہندوستانی پیس اٹیک بالخصوص ارشدیپ سنگھ کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے پہلے دو اوورز میں 18، 18 رنز بٹورے۔ اگرچہ ہندوستان نے پاور پلے کے اندر ہی دونوں اوپنرز کو آؤٹ کر کے واپسی کی لیکن کپتان مچل سینٹنر نے فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے محض 27 گیندوں پر 47 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
ان کا بھرپور ساتھ رچن رویندرا نے دیا، جنہوں نے 26 گیندوں پر 44 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات یہ رہی کہ کسی بھی بلے باز نے انفرادی طور پر نصف سنچری اسکور نہیں کی، اس کے باوجود ٹیم 200 کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہی۔
ایک موقع پر جب گلین فلپس اور رچن رویندرا کے درمیان خطرناک شراکت داری پروان چڑھ رہی تھی تو کلدیپ یادو نے اہم موقع پر وکٹ حاصل کر کے 50 رنز کی اس پارٹنرشپ کو ختم کیا اور ہندوستان کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی۔
اننگز کی آخری دو گیندوں پر زیک فولکس نے چھکا اور چوکا لگا کر مجموعہ 208 تک پہنچا دیا۔ کلدیپ یادو ہندوستان کی جانب سے سب سے کامیاب با لر رہے، جنہوں نے 2 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ با لرارشد یپ سنگھ آج کافی مہنگے ثابت ہوئے، انہوں نے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں 53 رنز لٹائے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔