پیپر ایکسپو 2025 – ہندوستان کی پہلی قومی پیپر نمائش، حیدرآباد میں منعقد ہوگی
اس نمائش میں مہاراشٹرا، گجرات، تمل ناڈو، مغربی بنگال سمیت دیگر ریاستوں کی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کمپنیاں بھی شرکت کریں گی۔

حیدرآباد: بھارت کی پیپر انڈسٹری کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہونے جا رہا ہے، جب ملک کی پہلی قومی پیپر انڈسٹری نمائش "پیپ ایکسپو 2025” 6 سے 8 جون تک حیدرآباد کے HITEX ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہوگی۔ یہ تین روزہ نمائش پیپر انڈسٹری کی مکمل ویلیو چین کو ایک ہی چھت تلے جمع کرے گی۔
افتتاحی تقریب 6 جون کو صبح 10 بجے منعقد ہوگی، جس میں کئی معزز مہمان شرکت کریں گے، جن میں ڈاکٹر اجے ساتیا (ساتیا انڈسٹریز)، مسٹر سومیجیت مکھرجی (ایمامی پیپر)، ڈاکٹر سریش کمار سنگھل (FTCCI) اور دیگر ممتاز صنعت کار شامل ہیں۔ یہ ایونٹ IIP، IPPTA، اور FPTA جیسے معروف اداروں کی سرپرستی میں منعقد ہو رہا ہے۔
نمائش میں 100 سے زائد قومی و بین الاقوامی ادارے اپنی مصنوعات اور خدمات پیش کریں گے، جن میں پیپر مینوفیکچرنگ، پیکیجنگ، پرنٹنگ، ری سائیکلنگ اور دیگر متعلقہ شعبے شامل ہیں۔ نمایاں شرکت کنندگان میں ایمامی پیپر، ویسٹ کوسٹ، ساتیا انڈسٹریز، جینی سیلز، شاہ پیپرز، تھری ایم پیپر بورڈز، پرامپٹ پیکیجنگ، تروپتی بلاجی پیپر، ہائپر پیک، سونا پیپرز اور دیگر کمپنیاں شامل ہیں۔
اس نمائش میں مہاراشٹرا، گجرات، تمل ناڈو، مغربی بنگال سمیت دیگر ریاستوں کی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کمپنیاں بھی شرکت کریں گی۔
پیپ ایکسپو 2025 کا مقصد پیپر انڈسٹری کے ماحولیاتی فوائد کو اجاگر کرنا ہے۔ پیپر فاؤنڈیشن اس غلط فہمی کو دور کرنا چاہتی ہے کہ پیپر کا استعمال جنگلات کی کٹائی کا باعث بنتا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ زیادہ تر بھارتی پیپر ملیں ری سائیکل فائبر اور کاشت شدہ درختوں پر انحصار کرتی ہیں۔
پیپر انڈسٹری کی جانب سے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ صنعت کے فروغ کے لیے واضح پالیسیاں، صنعتی پارکس، بہتر لاجسٹکس اور سستی یوٹیلٹیز کی سہولیات فراہم کرے۔
بھارتی پیپر مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہا ہے، اور توقع ہے کہ 2025 تک پیپر پیکیجنگ کا حجم 13.72 بلین امریکی ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ اس وقت ٹشو پیپر سب سے تیزی سے بڑھنے والا شعبہ ہے، جس کی سالانہ شرح نمو 11 تا 13 فیصد ہے۔
پیپ ایکسپو 2025 نہ صرف ایک بڑا تجارتی موقع فراہم کرے گا، بلکہ کاغذ کو ایک ماحول دوست متبادل کے طور پر فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔