سعودی عرب میں ہندوستانی اور سعودی شہری کو سزائے موت
عدالت کے فیصلے کو اپیل کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں اپیل مسترد کردی گئی اور سپریم کورٹ نے بھی سابقہ عدالتی فیصلے کو برقرار رکھا۔ آخر میں ایوان شاہی نے فیصلے پر عمل کا حکم جاری کیا اور ملزم کو سزائے موت دیدی گئی۔
ریاض: سعودی عرب میں وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض میں سعودی کے قاتل ہندوستانی شہری کو اور تبوک میں منشیات کے سمگلر سعودی شہری کو سزائے موت دے دی گئی۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی شہری شیرومبا عبدالقادر عبدالرحمان نے ریاض میں سعودی شہری یوسف بن عبدالعزیز بن ہد الذکیر کے سر پر وار کرکے اس کی جان لے لی تھی اور فرار ہوگیا تھا۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے نے اسے گرفتار کرکے تمام قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا جہاں اقبال جرم اور شواہد کی بنیاد پر عدالت نے اسے موت کی سزا سنائی۔
رپورٹس کے مطابق عدالت کے فیصلے کو اپیل کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں اپیل مسترد کردی گئی اور سپریم کورٹ نے بھی سابقہ عدالتی فیصلے کو برقرار رکھا۔ آخر میں ایوان شاہی نے فیصلے پر عمل کا حکم جاری کیا اور ملزم کو سزائے موت دیدی گئی۔
دوسری جانب پولیس نے ایک سعودی شہری عید بن راشد بن محمد العمیری کوتبوک ریجن میں نشہ آور گولیاں سمگل کرنے پر حراست میں لیا تھا، اس کے خلاف کارروائی مکمل کرکے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اسے سزائے موت کا فیصلہ سنایا۔ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کردیا گیا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں شہریوں اور رہائشیوں کی سلامتی اور انہیں منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے اس طرح کے لوگوں سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔