ترکی زلزلہ متاثرین کیلئے ہندوستانی فوج کی میڈیکل ٹیم روانہ
وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ترکی کو تمام ممکنہ مدد پیش کرنے کی ہدایتوں پر ہندوستان نے پیر کے دن نیشنل ڈیساسٹر رسپانس فورس کی تلاشی اور بچاؤ ٹیمیں، طبّی ٹیمیں اور راحت کاری ساز و سامان فوری روانہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

نئی دہلی: ترکی کو مدد فراہم کرنے حکومت کے فیصلہ پر ہندوستانی فوج نے آج ایک فیلڈ ہاسپٹل کو متحرک کرکے زلزلہ سے متاثر افراد کو طبّی مدد فراہم کرنے روانہ کیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ آگرہ میں موجود آرمی فیلڈ ہاسپٹل سے 89 رکنی میڈیکل ٹیم روانہ کی گئی ہے۔
میڈیکل ٹیم میں شدید زخمیوں کی دیکھ بھال کرنے والے ماہرین موجود ہیں۔ ان میں آرتھوپیڈک، سرجیکل ٹیمیں، جنرل سرجیکل ماہرین اور طبّی ماہرین کی ٹیموں کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔ ٹیمیں ایکسرے مشینوں، وینٹی لیٹروں، آکسیجن کے پلانٹ، حرکت ِ قلب کے مانیٹر اور 30 بستروں والے سہولت سے لیس ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ترکی کو تمام ممکنہ مدد پیش کرنے کی ہدایتوں پر ہندوستان نے پیر کے دن نیشنل ڈیساسٹر رسپانس فورس کی تلاشی اور بچاؤ ٹیمیں، طبّی ٹیمیں اور راحت کاری ساز و سامان فوری روانہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پیر کی رات کو راحت کاری کے مال و اسباب کا پہلا طیارہ روانہ ہوا۔
ترکی اور پڑوسی ملک شام میں پیر کے دن زلزلہ کے سبب 4 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔ زلزلہ کا منبع ترکی کے شمال مشرقی صوبہ کا مقام کھرامن مراس تھا اور زلزلہ کے جھٹکے کا اثر قاہرہ تک محسوس کیا گیا۔