فیرنس کریم کا خطرناک اثر، 17 سالہ لڑکی کے بعد معروف گلوکار بھی متاثر
کیرالہ میں فئیرنس کریم کے استعمال سے ایک 17 سالہ لڑکی کے گردے متاثر ہونے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد اب معروف ملیالم گلوکار اور موسیقار سلیم کوڈتھور نے بھی انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں ایسی ہی کریم استعمال کرنے کے باعث وہ بھی گردوں کے مرض میں مبتلا ہوگئے تھے۔
ملاپورم: کیرالہ میں فئیرنس کریم کے استعمال سے ایک 17 سالہ لڑکی کے گردے متاثر ہونے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد اب معروف ملیالم گلوکار اور موسیقار سلیم کوڈتھور نے بھی انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں ایسی ہی کریم استعمال کرنے کے باعث وہ بھی گردوں کے مرض میں مبتلا ہوگئے تھے۔
سلیم کوڈتھور نے اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ایک دوست کے مشورے پر ماضی میں چہرے کی رنگت نکھارنے والی کریم استعمال کی تھی۔ اس کے چند ماہ بعد ہی انہیں پیشاب کی نالی میں انفیکشن، پلکوں اور پیروں میں سوجن اور قوت مدافعت میں کمی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
گلوکار کے مطابق طبی معائنے کے دوران ان کے جسم میں البیومن نامی پروٹین کی سطح کم ہونے کا انکشاف ہوا۔ ڈاکٹروں نے انہیں خبردار کیا تھا کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو ان کے گردے کام کرنا بند کرسکتے ہیں۔
بعد ازاں انہیں ہاسپٹل میں داخل کیا گیا، جہاں بایوپسی کے ذریعے ان میں ممبرینس نیفروپیتھی (Membranous Nephropathy) نامی گردوں کی بیماری کی تشخیص ہوئی۔ سلیم نے بتایا کہ انہیں کئی ماہ تک علاج کروانا پڑا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ملاپورم ضلع کی ایک 17 سالہ لڑکی کے فئیرنس کریم استعمال کرنے کے بعد شدید گردوں کی بیماری میں مبتلا ہونے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ لڑکی نے انسٹاگرام پر ویڈیو دیکھنے کے بعد یہ کریم خریدی اور استعمال کی تھی
اس معاملے پر کیرالہ کے وزیر صحت مرلی دھرن نے بھی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ریاست بھر میں فیس کریم اور پروٹین پاؤڈر کی جانچ کا اعلان کیا ہے۔ ان کے مطابق ابتدائی معلومات میں ان مصنوعات کی پاکستان سے آمد اور منگلورو و کاسرگوڈ علاقوں میں استعمال کا پتہ چلا ہے۔