سمندر میں ڈوبنے والے طالب علم سید زاہد رضاکی لاش دو دن بعد برآمد
آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں رشی کونڈہ ساحل پر سمندر میں نہانے کے دوران لاپتہ ہونے والے 19 سالہ ڈگری کے طالب علم کی لاش پیر کی صبح برآمد ہوئی۔
وشاکھاپٹنم: آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں رشی کونڈہ ساحل پر سمندر میں نہانے کے دوران لاپتہ ہونے والے 19 سالہ ڈگری کے طالب علم کی لاش پیر کی صبح برآمد ہوئی۔ متوفی کی شناخت سید زاہد رضا کے طور پر کی گئی ہے، جو وشاکھاپٹنم کے کوٹہ ویدھی علاقے کا رہنے والا تھا اور بلیا کالج میں بی کام سال اول کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔
اطلاعات کے مطابق، زاہد رضا نے ہفتہ کے روز گھر والوں کو کالج جانے کی اطلاع دی تھی، تاہم وہ اپنے ساتھی طلبہ کے ساتھ رشی کونڈہ بیچ پہنچ گیا۔ وہاں سمندر میں نہانے کے دوران وہ تیز لہروں کی زد میں آکر لاپتہ ہوگیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور میرین پولیس کی نگرانی میں مسلسل دو دن تک سمندر میں تلاشی مہم چلائی گئی۔ پیر کی صبح سائی پریا ریسارٹس کے سامنے چٹانوں کے قریب مچھلی پکڑنے والے ماہی گیروں کو پانی میں ایک لاش دکھائی دی۔ اطلاع ملنے پر حکام نے لاش کی شناخت زاہد رضا کے طور پر کی گئی۔
جوان بیٹے کی لاش دیکھ کر والدین، افراد خاندان اور رشتہ دار غم سے نڈھال ہوگئے۔ ان کی آہ و بکا سے غم کا ماحول چھا گیا۔