بین الاقوامی

زیر زمین میزائل اڈوں اور جدید ہتھیاروں کی نمائش۔ معاشی دباؤ کے باوجود تہران کی فوجی صلاحیتیوں میں کوئی کمی نہیں

ایران نے اپنے جدید میزائل نظام، زیر زمین فوجی اڈوں اور دوہرے میزائل داغنے کے نظام کی نمائش کی ہے۔ اس نمائش کے ذریعے ایران نے اشارہ دیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں اور بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ کے باوجود اس کی فوجی صلاحیتیں کافی مضبوط ہیں۔

تہران: ایران نے اپنے جدید میزائل نظام، زیر زمین فوجی اڈوں اور دوہرے میزائل داغنے کے نظام کی نمائش کی ہے۔ اس نمائش کے ذریعے ایران نے اشارہ دیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں اور بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ کے باوجود اس کی فوجی صلاحیتیں کافی مضبوط ہیں۔

اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) کے کمانڈر میجر جنرل احمد واحدی نے آئی آر جی سی کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل ماجد موسوی کے ساتھ ایک زیر زمین میزائل اڈے کا دورہ کیا۔ نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق، مسٹر واحدی کو میزائل اڈے کی عملی تیاریوں اور فوج کی جدید ترین میزائل ٹیکنالوجی کی تیاری کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن آئی آر آئی بی پر نشر ہونے والی تصاویر کے مطابق، ایک ایسے دوہرے میزائل داغنے کے نظام کی نمائش کی گئی، جسے بیک وقت دو مائع ایندھن والے میزائل داغنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ نمائش کے دوران زیر زمین احاطے میں کئی جدید میزائل، انہیں داغنے کے نظام اور فوجی سازوسامان بھی دکھائے گئے۔

ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ میزائلوں کی جدید ترین نسل کی مار کرنے کی صلاحیت، درستگی اور سمت کا تعین کرنے کی صلاحیت میں بہتری لائی گئی ہے۔ ان میں ایسے نظام بھی شامل ہیں، جنہیں امریکہ کے گلوبل پوزیشننگ سسٹم (جی پی ایس) پر انحصار کیے بغیر کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔آئی آر آئی بی کے مطابق، مائع ایندھن والے میزائلوں کو سیدھے اوپر کی جانب داغا جا سکتا ہے اور ان کی رفتار کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔

اس سے انہیں فضائی دفاعی نظام کو چکمہ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔یہ نمائش ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب ایران فروری کے اواخر میں شروع ہونے والی امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے بعد اپنی دفاعی صلاحیت مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وہیں ملک کو بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ اور امریکی بحری ناکہ بندی کا بھی سامنا ہے، جس سے اس کی تیل کی برآمدات متاثر ہوئی ہیں۔

ایران کئی دہائیوں سے بیلسٹک اور کروز میزائل تیار کرنے کے ساتھ ساتھ فضائی حملوں کا مقابلہ کرنے کے قابل زیر زمین فوجی ڈھانچہ بھی بنا رہا ہے۔آئی آر جی سی نے کہاکہ ”میزائلوں اور ڈرون کی تیاری کے مراکز کو زمین کے اوپر واقع اڈوں سے زیر زمین احاطوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، تاکہ شدید بمباری کے دوران بھی ان کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کا عمل جاری رکھا جا سکے۔”نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق، آئی آر جی سی کی ایرو اسپیس فورس نے اس سے پہلے 10 نومبر کو ایک نئے زیر زمین میزائل اڈے کا افتتاح کیا تھا۔

اس تقریب میں ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی اور بریگیڈیئر جنرل ماجد موسوی نے شرکت کی تھی۔ اس دوران بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے ساتھ انہیں داغنے کے نظام کی بھی نمائش کی گئی تھی۔دورے کے دوران مسٹر واحدی نے سیاسی محاذ پر بھی سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے مخالفین کو جن دھچکوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وہ محض شروعات ہیں۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ آخرکار انہیں ذلت اٹھانی پڑے گی۔

شمالی بحر اوقیانوس معاہدہ تنظیم (ناٹو) کے سکریٹری جنرل کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے، جس میں کہا گیا تھا کہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے دوران ناٹو کے رکن ممالک نے 5000 پروازیں کی تھیں، مسٹر واحدی نے اسے اتحاد کی جانب سے ایک طرح کا اعتراف قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ ”ہمارے دشمنوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے، وہ محض شروعات ہے۔” انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آخرکار ایران کے مخالفین کو ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایران کی فوجی نمائشوں کے درمیان ملک کی معاشی صورت حال کے تعلق سے تشویش بڑھ رہی ہے۔ اس کی معیشت پہلے ہی کساد بازاری کے دور سے گزر رہی ہے اور جنگ اور ناکہ بندی نے مالی دباؤ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ایران مسلسل اپنی فوجی تیاریوں اور سیاسی عزم کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اس کے ذریعے وہ اشارہ دے رہا ہے کہ اگر دوبارہ دشمنی شروع ہوتی ہے تو اس کے پاس جواب دینے کی صلاحیت برقرار ہے۔’دی وال اسٹریٹ جرنل’ کی 15 نومبر کی ایک رپورٹ کے مطابق، امریکی خفیہ اداروں کا اندازہ ہے کہ کئی ماہ تک امریکہ اور اسرائیل کی شدید فوجی کارروائیوں کے باوجود ایران کے پاس اب بھی 1500 سے 2500 بیلسٹک میزائل موجود ہیں۔ ان کارروائیوں کا ایک اہم مقصد ان ہتھیاروں کو تباہ کرنا بھی تھا۔ اس صورت حال کے اثرات مشرق وسطیٰ سے کہیں زیادہ دور تک پڑ سکتے ہیں۔