سوشیل میڈیا

جم میں ورزش کے دوران تیسری منزل سے گر کر 22 سالہ لڑکی کی موت (ویڈیو وائرل)

انڈونیشیا میں ٹریڈمل پر ورزش کے دوران توازن بگڑنے سے لڑکی تیسری منزل کی کھڑکی سے نیچے گر گئی، اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔

انڈونیشیا۔ انڈونیشیا میں جم میں ورزش کے دوران پیش آئے ایک افسوسناک حادثہ میں 22 سالہ لڑکی کی موت ہوگئی۔ لڑکی ٹریڈمل پر دوڑ رہی تھی کہ اچانک توازن کھو بیٹھی اور جم کی تیسری منزل پر موجود کھڑکی سے نیچے جاگری۔

اطلاعات کے مطابق فوت ہونے والی لڑکی کی شناخت فاطمہ نور کے طور پر کی گئی ہے۔ بتایا گیا کہ لڑکی تقریباً 30 منٹ سے ٹریڈمل پر ورزش کر رہی تھی۔ اسی دوران اس نے رفتار کم کرکے چہرہ صاف کرنے کے لئے تولیہ اٹھایا لیکن اچانک اس کا توازن بگڑ گیا۔

ٹریڈمل چلتی رہنے کے باعث وہ پیچھے کی جانب کھڑکی کی طرف لڑھک گئی۔ اس نے خود کو سنبھالنے کے لئے کھڑکی کے فریم کو پکڑنے کی کوشش بھی کی، لیکن ناکام رہی اور تیسری منزل سے نیچے جاگری۔

حادثہ میں لڑکی کو سر پر شدید چوٹیں اور دیگر زخم آئے۔ اسے فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔

اس واقعہ کے بعد جم میں حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ خاص طور پر ٹریڈمل کو کھلی کھڑکی کے قریب نصب کرنے اور ورزش کرنے والوں کی حفاظت کے انتظامات پر تشویش ظاہر کی جارہی ہے۔