حیدرآباد

کے ٹی آرکے رات میں بریانی تناول کرنے پر عوام میں دلچسپ بحث

سوشل میڈیا کے صارفین ان تصاویر اور ویڈیو ز پردلچسپ تبصرے کررہے ہیں وہیں سیاسی مخالفین کی جانب سے اس پر اعتراضات بھی کئے جارہے ہیں۔ عوام بھی دو طبقوں میں بٹ گئے ہیں۔

حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگزارصدرکے ٹی آرکے کل شب 11بجے کے بعد پرانے شہر کی ایک ہوٹل میں بریانی تناول کرنے اور قلب شہر معظم جاہی مارکٹ میں ایک آئسکریم پارلر میں آئسکریم کھانے کے بعدان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

سوشل میڈیا کے صارفین ان تصاویر اور ویڈیو ز پردلچسپ تبصرے کررہے ہیں وہیں سیاسی مخالفین کی جانب سے اس پر اعتراضات بھی کئے جارہے ہیں۔ عوام بھی دو طبقوں میں بٹ گئے ہیں۔

ایک گروپ یہ سوال اٹھارہا ہے کہ آیا شہر کے مختلف علاقوں کے لئے پولیس کے احکام جداگانہ ہیں؟

عوام کا یہ احساس ہے کہ بعض علاقوں میں پولیس رات گیارہ بجے کے بعد کسی بھی کاروباری ادارے کو کھلا رکھنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے اور انتخابات کے پیش نظر کمشنر پولیس کے احکام کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی کررہی ہے۔

ان لوگوں نے سوال اٹھایا کہ کس طرح کے ٹی آر نے 11:00 بجے کے بعد پرانے شہر کے ایک ہوٹل میں بریانی تناول کیا۔

آیاعابڈس پی ایس کے حدودمیں آئسکریم پارلر بھی 11بجے شب کے بعد بھی کھلارہتا ہے؟ کیا پولیس اس ہوٹل کے خلاف کارروائی کرے گی۔

یاد رہے کہ انتخابات کا شیڈول جاری ہونے اور کمشنر پولیس کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سٹی پولیس کمشنر سندیپ شنڈالیہ نے دونوں شہرمیں 11بجے شب کے بعد تمام ہوٹلس‘پان شاپس اور دیگر کاروباری اداروں کوبندکرنے کا حکم صادرکیاتھا۔

جب کہ عوام کا ایک طبقہ اس کا سخت نوٹ لینے کی بجائے کے ٹی آر کے عوام سے گھل مل جانے کو پسندیدگی سے دیکھ رہا ہے۔