کھیل

آئی پی ایل رشبھ پنت سب سے زیادہ دباؤ میں ہوں گے فاف ڈو پلیسس کا بڑا دعویٰ

پچھلا سیزن ان کے لیے اور ٹیم کے لیے انتہائی مشکل رہا، جہاں وہ رنز بنانے کے لیے جدوجہد کرتے نظر آئے۔ جب آپ کا پرائس ٹیگ (قیمت) زیادہ ہو اور ٹیم کی کارکردگی بھی آپ کے کندھوں پر ہو، تو دباؤ دوگنا ہو جاتا ہے۔"

نئی دہلی : انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے سیزن سے قبل لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کی حکمت عملی اور کپتان رشبھ پنت کی فارم پر بحث تیز ہوگئی ہے۔ سابق جنوبی افریقی کپتان فاف ڈو پلیسس اور سابق ہندوستانی بالر لکشمی پتی بالاجی نے ایک اسپورٹس شو ‘گیم پلان’ میں ٹیم کے توازن اور پنت پر بڑھتے ہوئے دباؤ پر کھل کر تبادلہ خیال کیا۔

فاف ڈو پلیسس کا ماننا ہے کہ اس سیزن میں رشبھ پنت پر کسی بھی دوسرے کھلاڑی کے مقابلے میں سب سے زیادہ پریشر ہوگا۔ انہوں نے کہا

میرے خیال میں رشبھ پنت وہ کھلاڑی ہیں جو اس آئی پی ایل میں سب سے زیادہ دباؤ کا شکار ہوں گے۔ پچھلا سیزن ان کے لیے اور ٹیم کے لیے انتہائی مشکل رہا، جہاں وہ رنز بنانے کے لیے جدوجہد کرتے نظر آئے۔ جب آپ کا پرائس ٹیگ (قیمت) زیادہ ہو اور ٹیم کی کارکردگی بھی آپ کے کندھوں پر ہو، تو دباؤ دوگنا ہو جاتا ہے۔”

ڈو پلیسس نے مزید کہا کہ پنت کو نہ صرف اپنی بیٹنگ پر توجہ دینی ہوگی بلکہ ایک ‘بیٹنگ ہیوی’ ٹیم کے ساتھ اپنی بالنگ کے وسائل کو بہترین طریقے سے استعمال کرنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔

ٹیم کے ابھرتے ہوئے اسٹار دگویش راٹھی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈو پلیسس نے ان کے انوکھے انداز کی تعریف کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کس طرح پہلے سیزن میں بلے بازوں کو ان کی گیند سمجھنے میں دشواری ہوئی تھی۔ تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ ہسرنگا کی انجری ٹیم کے اسپن کمبی نیشن کے لیے بڑا سوالیہ نشان ثابت ہو سکتی ہے۔

 لکشمی پتی بالاجی نے ٹیم کے غیر ملکی کمبی نیشن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ لکھنؤ کا ٹاپ آرڈر مچل مارش، ایڈن مارکرم اور نکولس پورن کی موجودگی میں انتہائی مضبوط ہے۔

بالاجی کے مطابق، اگر ہسرنگا مکمل فٹ نہیں ہوتے، تو چوتھے غیر ملکی کھلاڑی کے طور پر تیز رفتار بالر اینرک نورکیا بہترین انتخاب ہوں گے۔

انہوں نے آیوش بدونی، عبدالصمد اور شہباز احمد سے بھی اہم کردار ادا کرنے کی توقع ظاہر کی، لیکن زور دیا کہ اصل ذمہ داری پنت اور غیر ملکی تگڑی پر ہوگی۔