ایران میں 7 روزہ تعطیل اور 40 روزہ قومی سوگ کا اعلان
وہ اپنے تفویض کردہ فرائض سر انجام دے رہے تھے اور شہادت کے وقت اپنے دفتر میں تھے۔ حکومتِ ایران نے اس عظیم سانحے پر ملک بھر میں 7 روزہ تعطیل اور 40 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے، جس دوران تمام سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں رہیں گے۔
تہران: امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای شہید ہو گئے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی کو ان کے دفتر میں شہید کیا گیا۔
وہ اپنے تفویض کردہ فرائض سر انجام دے رہے تھے اور شہادت کے وقت اپنے دفتر میں تھے۔ حکومتِ ایران نے اس عظیم سانحے پر ملک بھر میں 7 روزہ تعطیل اور 40 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے، جس دوران تمام سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں رہیں گے۔
شہادت کے بعد ملک بھر میں سوگ کی فضا پائی جا رہی ہے جبکہ مختلف شہروں میں تعزیتی اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے۔دوسری جانب ایرانی فوج نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کے عزم کا اعلان کیا ہے۔
فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی قیادت پر حملہ انتہائی سنگین اقدام ہے اور اس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جبکہ جارح عناصر کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور دشمن کو اس کارروائی کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب گارڈز نے بھی واضح کیا ہے کہ رہبرِ اعلیٰ کے قاتلوں کو سخت اور فیصلہ کن سزا دی جائے گی اور اس معاملے میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔