خلیجی ممالک کے برقی پلانٹس کو نشانہ بنانے ایران کی دھمکی۔ بحرین اور کویت میں وارننگ سائرن بج اُٹھے
ایران نے پیر کے دن خبردار کیا کہ اگر امریکی صدر ٹرمپ نے اسلامی جمہوریہ کے برقی اسٹیشنس پر بمباری کی تو وہ مشرق ِ وسطیٰ میں الکٹریکل پلانٹس کو نشانہ بنائے گا۔ تہران کی اس دھمکی سے خلیجی عرب ممالک میں برقی اور پانی کی سربراہی خطرہ میں پڑگئی ہے۔
دُبئی (اے پی) ایران نے پیر کے دن خبردار کیا کہ اگر امریکی صدر ٹرمپ نے اسلامی جمہوریہ کے برقی اسٹیشنس پر بمباری کی تو وہ مشرق ِ وسطیٰ میں الکٹریکل پلانٹس کو نشانہ بنائے گا۔ تہران کی اس دھمکی سے خلیجی عرب ممالک میں برقی اور پانی کی سربراہی خطرہ میں پڑگئی ہے۔
صحرائی ممالک میں سمندر کے کھارے پانی کو استعمال کے لائق بنانے کے لئے ڈی سالینیشن پلانٹس لگے ہیں۔ برقی کی سربراہی ان ممالک کے لئے اہمیت کی حامل ہے۔ ایران کی دھمکی کے بعد اس کی نیم سرکاری ایجنسی فارس نے متحدہ عرب امارات کے نیوکلیر پاور پلانٹ کے بشمول ایسی تنصیبات کی فہرست شائع کردی۔ ایران نے کل اسرائیل میں دِمونا کو نشانہ بنایا تھا۔
یہ مقام ایک مشتبہ ایٹمک اسلحہ پروگرام کی سائٹ سے قریب واقع ہے۔ ایرانی حملہ میں اسے نقصان نہیں پہنچا۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران نے اگر آبنائے ہرمز کی بندش ختم نہیں کی تو اس کے پاور اسٹیشنس کو اڑادیا جائے گا۔ انہوں نے 48 گھنٹوں کی ڈیڈلائن دی تھی۔ جاریہ جنگ نے عالمی سطح پر توانائی کی سپلائی درہم برہم کردی ہے۔ قدرتی گیس اور گیسولین کے دام بڑھتے جارہے ہیں۔
ٹیرف کی انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کے سربراہ فتح برول نے کہا کہ اگر حالات اسی سمت میں جاتے رہے تو اس بحران سے کوئی بھی ملک نہیں بچ سکتا۔ انہوں نے پیر کے دن کینبرا میں آسٹریلیا نیشنل پریس کلب سے کہا کہ مشرق ِ وسطیٰ بحران کا توانائی مارکٹ پر بدترین اثر پڑا ہے۔ اسرائیل نے پیر کے دن ایرانی دارالحکومت پر نئے حملے کئے۔ ا س نے کہا ہے کہ اس نے تہران میں انفرااسٹرکچر اہداف کو نشانہ بنانے بڑے پیمانہ پر حملوں کی لہر شروع کردی ہے۔
امریکی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ اڈمیرل براڈکوپر نے آج ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ ایران گنجان آباد علاقوں سے مزائل اور ڈرون فائر کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کو نشانہ بنانا چاہئے۔ متحدہ عرب امارات کی ایرڈیفنس نے ابوظبی کی الظفرہ ایربیس کے قریب ایرانی بیالسٹک مزائل کو مارگرایا۔ ملبہ گرنے سے زمین پر ایک شخص زخمی ہوا۔ بحرین اور کویت میں سائرن سنائی دیئے۔
سعودی وزارت ِ دفاع نے کہا کہ اس نے ریاض کو نشانہ بنانے والے ایک مزائل کو مارگرایا۔ اس نے تیل کی دولت سے مالامال منطقہ شرقیہ میں ڈرونس مارگرائے۔ جنگ شروع ہونے کے بعد سے تیل کے دام 50 فیصد سے زائد بڑھ گئے ہیں۔ اب تیل کے دام 112 امریکی ڈالر فی بیرل ہیں۔ جنگ نے دنیا بھر کی اسٹاک مارکٹس میں بھی افراتفری مچادی۔
ایران نے اسرائیل اور امریکہ کے اڈوں کے علاوہ ہمسایہ خلیجی عرب ممالک کے انرجی انفرااسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ آبنائے ہرمز پر اس کی گرفت مضبوط ہے۔ اسی تنگ گزرگاہ سے ہوکر آئیل ٹینکرس کھلے سمندر میں داخل ہوتے ہیں۔ دنیا کا 20 فیصد تیل اسی آبنائے سے گزرتا ہے۔
پاسداران انقلاب اسلامی ایران نے پیر کے دن کہا کہ اگر امریکہ نے ایران کے برقی پلانٹس کو نشانہ بنایا تو امریکی اڈوں کو جہاں سے برقی سربراہ ہوتی ہے‘ ان تمام پلانٹس کو اڑادیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اُس معاشی‘ صنعتی اور توانائی انفرااسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا جائے گا جن میں امریکہ کی حصہ داری ہے۔ پاسداران نے کہا کہ کوئی شبہ نہ کیا جائے کہ ہم ایسا کرسکتے یا نہیں۔ ایران نے یہ بھی کہا ہے کہ ٹرمپ نے اگر ایرانی برقی پلانٹس کو نشانہ بنایا تو ایران آبنائے ہرمز کو پوری طرح بند کردے گا۔