گرین کارڈ کی خواہش یا غیر قانونی ہجرت؟ امریکی حراست میں سینکڑوں ہندوستانی بچے
امریکی امیگریشن حکام کی رپورٹ کے مطابق 2023 سے اب تک 1,389 ہندوستانی بچوں کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں ایسے بچے بھی شامل ہیں جو امریکی سرحدوں پر والدین یا سرپرستوں کے بغیر پائے گئے۔
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دوسری مرتبہ اقتدار سنبھالنے کے بعد سے امریکہ میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔ امیگریشن قوانین پر سختی کے دوران اب بچوں کے حوالے سے بھی ایک تشویش ناک انکشاف سامنے آیا ہے۔
امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (USCBP) کی تازہ رپورٹ کے مطابق، 2023 سے اب تک 1,389 ہندوستانی بچوں کو امریکی امیگریشن حکام نے اپنی حراست میں لیا ہے۔ یہ وہ بچے ہیں جو امریکہ کی سرحد پر اپنے والدین یا سرپرستوں کے بغیر پائے گئے۔ ان میں ایسے بچے بھی شامل ہیں جنہیں ان کے والدین سرحد پر چھوڑ کر چلے گئے یا جو کسی سرپرست کے بغیر وہاں پہنچے۔
رپورٹ کے مطابق، امریکہ میں ایسے بچوں کو Unaccompanied Children کہا جاتا ہے، جن کے ساتھ والدین یا کوئی قانونی سرپرست موجود نہیں ہوتا۔ امریکی حکام نے بتایا کہ مالی سال 2024 کے دوران ایسے بچوں کی مجموعی تعداد تقریباً 1.1 لاکھ رہی، جبکہ اکتوبر 2026 تک 722 بچوں کو حراست میں لیا گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں ویزا قوانین سخت ہونے اور غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کی کارروائیوں کے بعد تنہا ہندوستانی بچوں کی تعداد میں کمی دیکھی جارہی ہے۔
حکام کے مطابق، ماضی میں بعض والدین یا رشتہ دار اپنے بچوں کو امریکہ بھیجنے کی کوشش کرتے تھے تاکہ ان کے ذریعے مستقبل میں قانونی رہائش یا گرین کارڈ حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوسکے۔ بعض واقعات میں والدین غیر قانونی طور پر سرحد پار کرتے ہوئے پکڑے جانے کے خوف سے اپنے بچوں کو وہیں چھوڑ کر فرار ہوجاتے تھے۔
ایسے بچوں کو امریکی امیگریشن مراکز میں رکھا جاتا ہے، جہاں ان کی رہائش اور دیکھ بھال کا انتظام کیا جاتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں اس طرح کے واقعات میں کمی آئی ہے۔