سزائے موت کا سامنا کرنے والے باکسر کو عالمی اعزاز
ایرانی باکسر محمد جواد وفائی ثانی کو 2026 کا بین الاقوامی میگنیٹسکی ایوارڈ دیا گیا، وہ نومبر 2019 کے احتجاج میں شرکت کے الزام میں سزائے موت کا سامنا کر رہے ہیں۔
واشنگٹن: ایران میں بین الاقوامی اعزاز اور عدالتی تعاقب کے درمیان تضاد کی عکاسی کرنے والی ایک حیرت انگیز صورتحال اس وقت سامنے آئی جب 31 سالہ ایرانی باکسر اور کوچ محمد جواد وفائی ثانی نے نمایاں انسانی حقوق کے کارکن کے زمرے میں 2026 کا بین الاقوامی میگنیٹسکی ایوارڈ جیت لیا۔
یہ ایسے وقت میں ہوا جب وہ اب بھی مشہد شہر کی وکیل آباد جیل میں قید ہیں اور نومبر 2019 کے احتجاجی مظاہروں میں شرکت اور ایرانی اپوزیشن تنظیم مجاہدین خلق کی حمایت کے الزام میں خود کو سنائی گئی سزائے موت پر عملدرآمد کے خطرے کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایوارڈ کے منتظمین نے وفائی ثانی کا انتخاب ان کے اس مقدمے کے اعتراف میں کیا جس نے ٹرائل اور حراست کے حالات کے حوالے سے بین الاقوامی تنقید پیدا کردی تھی۔
ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب جمعرات کو لندن میں منعقد ہوئی جس میں برطانوی رکن پارلیمنٹ باب بلیک مین نے شرکت کی اور انہوں نے ہی ان کے زمرے میں یہ ایوارڈ پیش کیا۔مشہد شہر سے تعلق رکھنے والے محمد جواد وفائی ثانی باکسنگ اور مارشل آرٹس کے چیمپئن اور کوچ ہیں اور قومی چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں۔ انہیں 2020 میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر "فساد فی الارض” کا الزام عائد کیا گیا۔ اس کی سزا ایران میں موت تک پہنچ جاتی ہے۔
میگنیٹسکی ایوارڈز کی آفیشل ویب سائٹ پر شائع ہونے والے سوانحی خاکے کے مطابق ایرانی سپریم کورٹ نے ان کے خلاف سنائی گئی سزائے موت کو دو بار منسوخ کیا جس کے بعد مشہد کی انقلابی عدالت نے ستمبر 2024 میں تیسری بار انہیں سزا سنا دی اور اس کی اکتوبر 2025 میں توثیق کر دی گئی۔
انسانی حقوق کی رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں جسمانی اور نفسیاتی تشدد اور طویل قید تنہائی کا نشانہ بنایا گیا ہے اور ان سے جبری اعترافات لیے گئے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی ان کے مقدمے کی کارروائی پر تنقید کرتے ہوئے اسے منصفانہ ٹرائل کی تقاضوں سے محروم قرار دیا ہے۔
جواد وفائی ثانی کی جان بچانے کے لیے بین الاقوامی یکجہتی مہم انسانی حقوق کی تنظیموں سے آگے بڑھ کر بین الاقوامی کھیلوں کے اداروں تک پہنچ گئی۔ نومبر 2025 میں ورلڈ باکسنگ کونسل نے ان کی پھانسی روکنے کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کردیا اور اس کے صدر ماریشیو سلیمان نے ایرانی حکام سے سزا منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ، بین الاقوامی اولمپک کمیٹی اور کھیلوں کی فیڈریشنز سے مداخلت کی اپیل کی۔