بین الاقوامی

چرچ پر حملہ کے معاملہ میں 3 مجرموں کو سزائے موت

اردن کے سینٹ جارج چرچ پر گزشتہ اکتوبر میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے تھے، عدالت نے مقدمے میں 3 ملزمان کو موت کی سزا سنائی۔

عمان: اردن کی ایک عدالت نے اتوار کو 3 افراد کو موت کی سزا سنائی ہے۔ ان پر گزشتہ اکتوبر میں سینٹ جارج چرچ پر ہوئے حملے کا جرم ثابت ہوا ہے۔ اس دہشت گردانہ حملے میں 9 افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوگئے تھے۔مقامی اخبار ‘اردن ٹائمز’ کے مطابق، کرک کے حمود علاقے میں واقع اس چرچ پر 23 اکتوبر کو حملہ کیا گیا تھا۔

اس معاملے میں مجموعی طور پر 5 ملزمان کے خلاف دہشت گردی سے متعلق مقدمے چل رہے ہیں۔ ان کی سماعت ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کی جا رہی ہے۔اس ماہ کے آغاز میں سرکاری وکیل نے بتایا تھا کہ معاملے کی جانچ مکمل کرلی گئی ہے۔ اس میں گواہوں کے بیانات، جائے واردات سے شواہد جمع کرنا، ہتھیاروں کی برآمدگی اور ملزمان سے پوچھ گچھ سمیت تمام کارروائیاں شامل تھیں۔

اس معاملے میں دہشت گردی کی روک تھام سمیت دیگر قوانین کے تحت ملزمان پر 7 سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔ ان میں 9 افراد کے قتل کی سازش میں شریک ہونا، ہتھیاروں کا استعمال کرکے دہشت گردانہ کارروائی کرنا اور اس مقصد کے لیے ہتھیار اپنے پاس رکھنا شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ملزمان پر دہشت گردانہ سازش رچنے، ایک دہشت گرد تنظیم کے نظریے کی تشہیر کرنے اور عوامی سلامتی و امن و امان کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔