ایرانی ڈرون سے بحرین میں ڈی سالینیشن پلانٹ کو نقصان
وزیراعظم نتن یاہو نے کہا ہے کہ جنگ کے اگلے مرحلہ میں کئی چونکادینے والے واقعات پیش آئیں گے۔ لبنان پر تازہ حملہ میں 12 افراد ہلاک ہوئے۔
دبئی: اسرائیل نے اتوار کی صبح جنوبی لبنان،بیروت اور تہران میں آئی اسٹوریج پر حملے کئے۔ مشرق وسطیٰ میں جنگ بڑھتی جارہی ہے۔ جنگ 9ویں دن میں داخل ہوگئی۔ وزیراعظم نتن یاہو نے کہا ہے کہ جنگ کے اگلے مرحلہ میں کئی چونکادینے والے واقعات پیش آئیں گے۔ لبنان پر تازہ حملہ میں 12 افراد ہلاک ہوئے۔
اسرائیل اور امریکہ نے 28 فروری کو جنگ شروع کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ ایران کے نیوکلیئر اور میزائل پروگرام کو نشانہ بنارہے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ وہاں کی حکومت تبدیل ہوجائے۔ جنگ سارے خطہ میں پھیل گئی۔ عالمی منڈیوں میں بھونچال آگیا۔ فضائی سفر درہم برہم ہوگیا۔ سینکڑوں اسرائیلی اور امریکی فضائی حملوں سے ایران کی قیادت کمزور ہوگئی۔ ایران نے خلیج کے ہمسایہ ممالک پر میزائل اور ڈرون فائر کئے۔
اسرائیل نے لبنان پر حملے تیز کردئے ہیں۔ ایرانی صدر نے پڑوسی عرب ممالک پر حملوں کیلئے معذرت کی لیکن خلیجی ممالک پر میزائل اور ڈرون حملے جاری ہیں۔ صدر مسعود پزشکیان نے اتوار کے دن ایران کے پڑوسیوں کو دوست اور بھائی کہا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکہ اور اسرائیل پھوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کے اس مطالبہ کو خارج کردیا کہ ایران غیرمشروط ہتھیار ڈال دے۔ انہوں نے کہا کہ امریکیوں کو یہ خواب اپنی قبر میں لے جانا چاہئے۔
ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ ایران پر شدید حملہ ہوگا۔ مزید علاقے اور مزید گروپ زد میں آئیں گے۔ ایران میں کم از کم 1230، لبنان میں 290 اور اسرائیل میں 11 جانیں جاچکی ہیں۔ 6 امریکی فوجی بھی ہلاک ہوئے۔ صدر پزشکیان کی معذرت کے باوجود ایرانی حملے جاری ہیں۔ بحرین نے کہا ہے کہ ایک ایرانی ڈرون حملہ میں اس کے ڈی سالینیشن پلانٹ کو نقصان پہنچا۔ اس پلانٹ میں سمندر کے کھارے پانی کو صاف کرکے استعمال کے لائق بنایا جاتا ہے۔
ساحل خلیج فارس پر ایسے کئی پلانٹ موجود ہیں۔ پانی کیلئے خلیج کا خطہ ایسے پلانٹس پر بڑی حدتک منحصر ہے۔ متحدہ عرب امارات نے اتوار کے دن کہا کہ فضاء میں ایک میزائل کو ناکارہ کیا گیا جس کا ملبہ ایک گاڑی پر گرا اور ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔ جنگ شروع ہونے کے بعد سے متحدہ عرب امارات میں چار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ عرب امارات میں رہنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں کے اندر ہی رہیں۔
کویت میں حکام نے کہا کہ اس کے اہم انفرااسٹرکچر بشمول کویت انٹرنیشنل ایرپورٹ کی فیول ٹینک اور کویت سٹی میں ایک سرکاری عمارت ڈرون حملوں کی زد میں آئی۔ سعودی عرب نے کہا ہے کہ اس نے ایک ڈرون کو مار گرایا جو اتوار کے دن شیبہ آئی فیلڈ کی طرف بڑھ رہا تھا۔ دارالحکومت ریاض کے اوپر چار ڈرونس مار گرائے گئے۔
بحرین کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ میزائل کے ٹکڑے منامہ کی ایک سڑک پر گرے۔ ایک شخص زخمی ہوا اور کئی دوکانوں کو نقصان پہنچا۔ایرانی پارلیمنٹ (مجلس) کے اسپیکر نے کہا ہے کہ تیل کے دام مزید بڑھیں گے جس سے عالمی معیشت متاثر ہوگی۔ ایرانی صدر نے مشرق وسطیٰ میں امریکی اہداف پر حملے بڑھادینے کی دھمکی دی ہے۔ اتوار کی صبح ایرانی دارالحکومت تہران میں دھواں ہی دھواں دکھائی دی۔