شمالی بھارت

یوپی میں ہاسپٹل کو مہربند کردیاگیا

پریاگ راج میں ایک پرائیویٹ ہاسپٹل کو مہربند کردیاگیا ہے جہاں ڈینگی کے ایک مریض کو خون کے پلیٹیلٹس چڑھانے کے بجائے موسمبی کا شربت چڑھایا گیا تھا۔

پریاگ راج(اترپردیش) : پریاگ راج میں ایک پرائیویٹ ہاسپٹل کو مہربند کردیاگیا ہے جہاں ڈینگی کے ایک مریض کو خون کے پلیٹیلٹس چڑھانے کے بجائے موسمبی کا شربت چڑھایا گیا تھا۔

ضلع انتظامیہ کی جانب سے اس واقعہ کی ابتدائی تحقیقات کے دوران ہاسپٹل حکام کی کئی کوتاہیوں کا انکشاف ہوا۔ مریض کے ارکان خاندان نے ریاستی حکومت سے اپیل کی ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

پریاگ راج کے گلوبل ہاسپٹل اینڈ ٹراما سنٹر میں ایک 32 سالہ مریض کو پلازماکے بجائے موسمبی کا شربت چڑھایا گیا تھا۔ مریض کے ارکان خاندان نے الزام عائد کیا کہ ہاسپٹل کی جانب سے سپلائی کردہ پلازما کے بیگ میں موجود سیال چڑھانے کے بعد مریض کی حالت بگڑگئی۔

مریض کو دوسرے خانگی ہاسپٹل میں منتقل کیاگیا جہاں اس کی موت واقع ہوگئی۔ ارکان خاندان نے کہاکہ دوسرے ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے انہیں بتایا کہ پلیٹیلٹس کا بیاگ نقلی تھا اور اس میں دراصل کیمیکلس اور موسمبی کے شربت کا آمیزہ تھا۔ مریض کے ایک رشتہ دار سوربھ ترپاٹھی نے بتایا کہ میری 26 سالہ بہن بیوہ ہے۔

میں چاہتا ہوں کہ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت اس ہاسپٹل کی کوتاہی پر اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کرے۔ ڈپٹی چیف منسٹر برجیش پاٹھک نے کہاکہ ہاسپٹل کے وائرل ویڈیو کا نوٹ لیتے ہوئے جہاں ڈینگی کے ایک مریض کو پلیٹیلٹس کے بجائے موسمبی کا شربت چڑھایا گیا تھا‘ میری ہدایت پر ہاسپٹل کو مہربند کردیاگیا ہے اور پلیٹیلٹس کے پیاکٹس کو جانچ کیلئے بھیجا گیا ہے۔

خاطی پائے جانے پر ہاسپٹل کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پریاگ راج کے ایڈیشنل چیف میڈیکل آفیسر نے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ چیف میڈیکل آفیسر کی ہدایت پر ہاسپٹل کو مہربند کردیاگیا ہے اور نمونوں کی جانچ مکمل ہونے تک یہ مہربند ہی رہے گا۔

مذکورہ ہاسپٹل نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ مریضٰ کے رشتہ دار ہی پلیٹلیٹس کے پیاکٹسں لائے تھے۔ ہاسپٹل کے مالک نے کہاکہ مریض کے پلیٹیلٹس کی سطح 17000 تک گھٹ گئی تھی جس کے بعد رشتہ داروں کو خون کے پلیٹلیٹس لانے کی ہدایت دی گئی تھی۔

وہ لوگ ایک سرکاری ہاسپٹل سے پلیٹیلٹس کے 5 یونٹ لائے تھے۔ 3 یونٹ چڑھانے کے بعد مریض کو ری ایکشن ہوا اور ہم نے اسے روک دیا۔ ہاسپٹل کے مالک نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ بھی تحقیقات کے حامی ہیں۔