ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک۔ محمد مخبر کارگزار صدر ہوں گے (تفصیلی خبر)
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی‘ ملک کے وزیر خارجہ اور کئی دیگر عہدیدار پیر کے دن مردہ پائے گئے۔ ان کا ہیلی کاپٹر ملک کے شمال مغرب میں کہرزدہ پہاڑی علاقہ میں حادثہ کا شکار ہوگیا۔

دُبئی/ تہران: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی‘ ملک کے وزیر خارجہ اور کئی دیگر عہدیدار پیر کے دن مردہ پائے گئے۔ ان کا ہیلی کاپٹر ملک کے شمال مغرب میں کہرزدہ پہاڑی علاقہ میں حادثہ کا شکار ہوگیا۔
یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا جب مشرق ِ وسطیٰ میں اسرائیل۔ حماس جنگ کے باعث حالات غیریقینی ہیں۔ 63 سالہ ابراہیم رئیسی نے اپنے ملک کے رہبر ِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی نگرانی میں گزشتہ ماہ اسرائیل پر ڈرون و مزائل حملہ کیا تھا جس کی سابق میں نظیر نہیں ملتی۔
ان کے دورِ حکومت میں ایران نے یورانیم افزودگی کو اسلحہ سازی کی سطح تک بڑھادیا جس سے مغرب کے ساتھ ایران کی کشیدگی بڑھ گئی۔ تہران نے یوکرین جنگ میں بم سے لیس ڈرون روس کو سربراہ کئے تھے۔ آیت اللہ علی خامنہ ای نے اعلان کیا کہ ایران کے نائب صدر اول محمد مخبر‘ ملک کے کارگزار صدر ہوں گے۔
وہ الیکشن ہونے تک کارگزار صدر رہیں گے۔ سرکاری ٹی وی نے ایران کے مشرقی صوبہ آذربائیجان میں ہیلی کاپٹر حادثہ کی فوری کوئی وجہ نہیں بتائی۔ مرنے والوں میں ایرانی وزیر خارجہ 60 سالہ حسین امیر عبداللہیان بھی شامل ہیں۔
سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے بموجب ہیلی کاپٹر میں ایران کے صوبہ مشرقی آذربائیجان کے گورنر‘ دیگر عہدیدار اور باڈی گارڈس بھی سوار تھے۔ پیر کی صبح ترک حکام نے ایک ڈرون فوٹیج جاری کیا جس میں کسی ویرانہ میں آگ دکھائی دیتی ہے۔ ترک حکام کو شبہ ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ ہوسکتا ہے۔
پاکستان نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا۔ وزیراعظم ہند نریندر مودی نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ ان کا ملک دکھ کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔ مصر اور اردن کے قائدین کے علاوہ شامی صدر بشارالاسد نے بھی اظہارِ تعزیت کیا۔
آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف نے کہا کہ وہ اور ان کی حکومت صدمہ میں ہیں۔ ابراہیم رئیسی‘ آذربائیجان سے متصل ایرانی سرحد پر ایک ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس ہورہے تھے۔ ترک صدر رجب طیب اردغان نے بھی اظہارِ تعزیت کیا۔ کریملن سے جاری بیان میں روسی صدر ولادیمیر پوٹین نے ابراہیم رئیسی کو روس کا سچا دوست قراردیا۔
علی خامنہ ای نے اتوار کی رات عوام سے دعا کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کاروبارِ مملکت چلتا رہے گا۔ ایرانی دستور کے مطابق صدر کی موت پر ملک کا نائب صدر اول‘ صدر بن جاتا ہے۔ آیت اللہ علی خامنہ ای کی منظوری سے نیا صدارتی الیکشن اندرون 50 یوم ہوگا۔ ایران میں 5 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا۔ پیر کی صبح ایرانی کابینہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں عہد کیا گیا کہ ابراہیم رئیسی کے نقش ِ قدم پر چلا جائے گا۔
سخت گیر ابراہیم رئیسی کے تعلق سے جو سابق میں ملک کے چیف جسٹس تھے‘ کہا جاتا تھا کہ وہ علی خامنہ ای کے جانشین بنیں گے۔ اب ان کے جانے کے بعد کہا جارہا ہے کہ رہبر ِ اعلیٰ کے 55 سالہ فرزند مجتبیٰ خامنہ ای جانشین بنیں گے۔ آیت اللہ علی خامنہ ای نے ابراہیم رئیسی مرحوم کو کبھی نہ تھکنے والا قائد قراردیا۔
انہوں نے کہاکہ ایرانی عوام نے ایک قیمتی اور مفلس شخص کھودیا۔ ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو شدید کہر کے دوران پہاڑی ڈھلان میں ہارڈ لینڈنگ کرنی پڑی تھی تاہم وہ کراش ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 9 افراد ہلاک ہوگئے۔
ابراہیم رئیسی‘ حسین امیر عبداللہیان کے علاوہ اس میں مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی اورتبریز شہر کی ایک مسجد کے امام ِ جمعہ محمدعلی آل ِ ہشام سوار تھے۔ نیوز ایجنسی تسنیم کے بموجب امام ِ جمعہ حادثہ کے بعد تقریباً ایک گھنٹہ زندہ رہے اور دم توڑنے سے قبل انہوں نے ہی صدر کے دفتر کو فون کرکے ہیلی کاپٹر کراش کی اطلاع دی۔