بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں ایشان کشن کو موقع ملنے کا امکان
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا آئندہ چند ماہ کا شیڈول بہت سخت ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے بعد ٹیم کو نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کا سامنا کرنا ہے۔

ممبئی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا آئندہ چند ماہ کا شیڈول بہت سخت ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے بعد ٹیم کو نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کا سامنا کرنا ہے۔
ٹیم انڈیا کو اس دوران ان ٹیموں کے خلاف کل 10 ٹسٹ کھیلنے ہیں۔ اس کا آغاز 19 ستمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ میچ سے ہوگا۔ بنگلہ دیش کے خلاف دو میچوں کی ٹسٹ سیریز کے بعد ہندوستان کو 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلنی ہے۔ اس حوالہ سے ایک بڑی اپڈیٹ سامنے آئی ہے۔ ر
پورٹ کے مطابق شبمن گل سمیت کچھ کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے آرام دیا جاسکتا ہے تاکہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کیلئے تازہ دم رہ سکیں۔ ہندوستان اپنے آئندہ بین الاقوامی سیزن کا آغاز 19 ستمبر سے چینائی میں بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز سے کرے گا۔
دوسرا ٹسٹ 27 ستمبر سے کانپور میں کھیلا جائے گا۔ بی سی سی آئی کے ایک ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ شبمن کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کیلئے آرام دیا جائے گا۔ بنگلہ دیش کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 7 اکتوبر (گوالیار)، 10 اکتوبر (دہلی) اور 13 اکتوبر (حیدرآباد) کو کھیلے جائیں گے۔ اب نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹسٹ 16 اکتوبر سے شروع ہوگا۔
اس لئے صرف تین دن کے فرق کی وجہ سے گل کو آرام کرنا ضروری ہے۔ گل کے علاوہ جسپریت بمراہ اور محمد سراج کو بھی بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے آرام دیا جاسکتا ہے۔ روہت شرما، ویراٹ کوہلی اور رویندر جڈیجہ کی تینوں نے مختصر ترین فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔
گل، جو ٹسٹ میچوں میں ہندوستان کیلئے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہیں، روہت، کوہلی اور جیسوال کے ساتھ ٹیم کے ٹاپ آرڈر میں اہم کھلاڑی ہیں اور توقع ہے کہ وہ اس سیزن میں تمام 10 ٹسٹ کھیلیں گے۔ گل نے اب تک 21 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میاچس کھیلے ہیں اور ان کے نام ایک سنچری اور 3 نصف سنچریاں ہیں۔
انہوں نے تقریباً 140 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے ہیں۔ انہیں حال ہی میں ہرارے میں زمبابوے کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کیلئے کپتان مقرر کیاگیا تھا جسے ہندوستان نے 4-1 سے جیتا تھا۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ رشبھ پنت ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلتے ہیں یا نہیں کیونکہ ان کے کام کا بوجھ سلیکٹرز کی ترجیح ہے اور ٹسٹ میں ان کی ضرورت ہے۔
اگر پنت کو آرام دیا جاتا ہے تو اس سال نو ماہ تک بین الاقوامی کرکٹ سے باہر رہنے کے بعد ایشان کشن کے نام پر ایک بار پھر غور کیا جاسکتا ہے۔ ایشان نے حال ہی میں دلیپ ٹرافی اور اس سے پہلے بوچی بابو ٹورنامنٹ میں سنچری بنائی تھی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار واپسی کی تھی۔
ایشان کو سنٹرل کنٹراکٹ سے نکال دیا گیاہے لیکن اگر وہ واپسی کرتے ہیں اور مستقل مزاجی برقرار رکھتے ہیں تو ایشان کو دوبارہ سنٹرل کنٹراکٹ میں جگہ مل سکتی ہے۔ جھارکھنڈ کیلئے کھیل رہے ایشان کشن نے بوچی بابو ٹورنامنٹ میں مدھیہ پردیش کے خلاف سنچری بنائی۔
پھر اس نے دلیپ ٹرافی میں انڈیا۔سی کیلئے سنچری بنائی۔ ایشان کے بین الاقوامی کیریئر کی بات کریں تو انہوں نے دو ٹسٹ میں 78 رنز، 27 ونڈے میں 933 رنز اور 32 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 796 رنز بنائے ہیں۔ موجودہ سیزن میں ہندوستانی ٹیم کیلئے ٹی 20 انٹرنیشنل زیادہ اہمیت کے حامل نہیں ہیں جبکہ آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچوں کی ٹسٹ سیریز سے ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ پوائنٹس اس کے ایجنڈے میں سرفہرست ہیں۔