71 ہزار فلسطینیوں کے قتل کا اعتراف : اسرائیل
یہ پہلا موقع ہے کہ آئی ڈی ایف نے ان اعداد و شمار کی تصدیق کی ہے جنہیں وہ اب تک "ناقابلِ اعتبار" قرار دیتا رہا تھا۔
تل ابیب/ غزہ :غزہ میں جاری طویل ترین جنگ کے حوالے سے اسرائیلی دفاعی فورسز ( آئی ڈی ایف) نے ایک غیر معمولی اور اعترافی بیان جاری کیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے پہلی بار باضابطہ طور پر تسلیم کیا ہے کہ اکتوبر 2023 سے اب تک ہونے والی فوجی کارروائیوں میں کم و بیش 71 ہزار فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی اخبار ‘ہارٹز’ کے مطابق، یہ پہلا موقع ہے کہ آئی ڈی ایف نے ان اعداد و شمار کی تصدیق کی ہے جنہیں وہ اب تک "ناقابلِ اعتبار” قرار دیتا رہا تھا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق یہ اعداد و شمار صرف ان ہلاکتوں کے ہیں جو فائرنگ، بمباری یا براہِ راست جھڑپوں میں ہوئیں۔ ماہرین کا خدشہ ہے کہ اگر بالواسطہ اموات کو شامل کیا جائے تو یہ تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے باوجود کشیدگی برقرار ہے۔ خان یونس کے مشرقی علاقوں میں اسرائیلی فوج کی تازہ کارروائی میں مزید دو فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ ریڈ کراس نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل سے 15 فلسطینوں کی لاشیں غزہ منتقل کی گئی ہیں، جبکہ قیدیوں کے تبادلے کا عمل بھی جاری ہے۔