نتن یاہو مخالف اتحاد میں اختلافات، ڈیموکریٹس پارٹی مذاکرات سے الگ ہوگئی
نتن یاہو مخالف اتحاد میں اختلافات شدت اختیار کرگئے، ڈیموکریٹس پارٹی نے یشار کے ساتھ حکومت سازی کے مذاکرات معطل کردیے، عرب جماعتوں کی حمایت پر بھی سیاسی جماعتوں میں اختلاف
تل ابیب: اسرائیل کی بائیں بازو کی ڈیموکریٹس پارٹی نے منگل کے روز یشار پارٹی کے ساتھ اتحادی حکومت کی تشکیل کے لیے جاری مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ یشار پارٹی کے سربراہ گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی کوششوں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، تاہم نتن یاہو مخالف اتحاد میں شامل جماعتوں کے درمیان اختلافات کے باعث حکومت سازی کی کوششیں مشکلات کا شکار ہوگئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والے انتخابات کے بعد گادی آئزن کوٹ اور سبکدوش ہونے والے وزیراعظم بنیامن نتن یاہو دونوں ہی واضح اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ حالیہ دنوں میں یشار اور نتن یاہو کی لیکود پارٹی کے درمیان ممکنہ اتحاد کے حوالے سے مذاکرات کے تین دور ہوچکے ہیں، تاہم بظاہر ان میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔
ڈیموکریٹس پارٹی نے منگل کی شام سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری بیان میں کہا، ”نیتن یاہو کے ساتھ اتحادی حکومت سازی کے مذاکرات میں پیش رفت اور اس کے برعکس تبدیلی کی حکومت بنانے کے مذاکرات میں تعطل کے تناظر میں ڈیموکریٹس پارٹی، یشار پارٹی کے ساتھ مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کرتی ہے۔”
سابق میجر جنرل یائر گولان کی قیادت میں کام کرنے والی ڈیموکریٹس پارٹی مسلسل آئزن کوٹ پر زور دیتی رہی ہے کہ وہ عرب اکثریتی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کریں۔ ان جماعتوں نے حالیہ انتخابات میں غیر معمولی تعداد میں نشستیں حاصل کی ہیں۔ ڈیموکریٹس پارٹی کا موقف ہے کہ ان جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرکے نیتن یاہو کو اقتدار سے ہٹایا جاسکتا ہے۔
تاہم نتن یاہو مخالف اتحاد میں شامل ایک اور جماعت، ایویگڈور لیبرمین کی دائیں بازو کی اسرائیل بیتینو پارٹی نے عرب جماعتوں کی حمایت سے قائم ہونے والی حکومت کی مخالفت کا اعادہ کیا ہے۔دوسری جانب یشار پارٹی نے اپنے بیان میں بتایا کہ آئزن کوٹ اور لیبرمین نے منگل کی شام ملاقات کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ ایک اتحادی معاہدے پر دستخط کریں گے۔
ادھر لیکود پارٹی نے نیتن یاہو مخالف اتحاد میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر طنز کرتے ہوئے ڈیموکریٹس پارٹی کی جانب سے مذاکرات سے دستبرداری کے اعلان پر اپنے ٹیلی گرام چینل پر لکھا، ”ان کا اتحاد بکھر رہا ہے۔”
واضح رہے کہ آئزن کوٹ کو 8 نومبر کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ انہیں اس مقصد کے لیے 28 دن کی مہلت دی گئی ہے، جس میں مزید 14 دن کی توسیع بھی ممکن ہے۔ اس مدت کے دوران انہیں مختلف سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کرکے حکومت سازی کے لیے مطلوبہ اکثریت جمع کرنا ہوگی۔