سوشیل میڈیا

شاورما کھانے کے بعد 43 افراد بیمار

مہاراشٹرا کے بھیونڈی میں ونجار پٹی ناکہ کے قریب سڑک کنارے لگی اسٹال سے چکن شاورماخرید کرکھانے والے کم از کم43 افراد بشمول 10 بچے بیمار پڑ گئے۔

ممبئی(پی ٹی آئی) مہاراشٹرا کے بھیونڈی میں ونجار پٹی ناکہ کے قریب سڑک کنارے لگی اسٹال سے چکن شاورماخرید کرکھانے والے کم از کم43 افراد بشمول 10 بچے بیمار پڑ گئے۔

عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ متاثرین میں دو سال کے بچے سے لے کر 40 سال کی عمر تک کے لوگ شامل ہیں۔ ایک حاملہ عورت کو بھی دواخانہ لایاگیا۔ متاثرین کی جملہ تعداد 43 تک پہنچ گئی ہے جس میں 17مرد‘16 عورتیں اور 10 بچے شامل ہیں۔

کئی نے قئے اور بخار کی شکایت کی۔متاثرین کو بھیونڈی کے اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں شریک کرایاگیا۔ شاورما کھانے کے بعد بیمار پڑنے والے ایک شخص نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ اس نے پیر کے دن شاورما کھایا تھا اور منگل کے دن وہ بیمار پڑگیا۔

دن بھر وہ بیمار رہا۔وہ کھڑا تک نہیں ہوپارہاتھا۔ بعدازاں اسے دواخانہ میں شریک کرایاگیا۔ دواخانہ میں اسے پتہ چلا کہ شاورما کھانے والے کئی دیگر لوگ بھی بیمار ہوئے ہیں۔