غزہ میں اسرائیلی بمباری، زمینی کارروائی شروع کرنے کا بھی دعویٰ
فلسطینی شہر غزہ میں اسرائیلی فورسز نے گزشتہ روز ساڑھے چار سو اہداف کو نشانہ بنایا، اسرائیلی طیاروں نے صرف غزہ کے علاقے الفرقان میں 200 سے زیادہ اہداف پر بمباری کی۔

غزہ: اسرائیلی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے محصور علاقے میں 450 اہداف پر بمباری کی، اسرائیلی فورسز نے غزہ میں زمینی کارروائی شروع کرنے کا بھی دعویٰ کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی شہر غزہ میں اسرائیلی فورسز نے گزشتہ روز ساڑھے چار سو اہداف کو نشانہ بنایا، اسرائیلی طیاروں نے صرف غزہ کے علاقے الفرقان میں 200 سے زیادہ اہداف پر بمباری کی۔
اسرائیلی فورسز کے مطابق غزہ میں بیت حانون میں 80 مقامات کو نشانہ بنایا گیا اور التفاح میں بھی بمباری کی گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ بمباری میں 24 فلسطینی شہید ہوئے۔
غزہ میں بمباری کے بعد اسرائیلی فورسز کی زمینی کارروائی بھی شروع ہو گئی، فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جانب سے زمینی کارروائی کے دوران حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیل نے غزہ کے قریب مزید 3 ہزار فوجی دستے تعینات کر دیے ہیں، حماس کے مطابق خان یونس میں اسرائیلی بمباری کے جواب میں حماس نے اسرائیلی طیاروں پر 2 میزائل بھی داغے ہیں۔