مشرق وسطیٰ

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی حزب اللہ کو دھمکی

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کا غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے، امریکہ اس تنازع کو لبنان تک پھیلا ہوا نہیں دیکھنا چاہتا۔

تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حزب اللہ کو دھمکی دی ہے کہ کسی بھی غلطی کی ایسی قیمت چکانی پڑے گی جس کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

متعلقہ خبریں
غزہ کو 3 حصوں میں تقسیم کرکے شمالی حصہ اسرائیل میں شامل کرنے کا منصوبہ
اردن میں ایک میزائل گرا
نیتن یاہو نے 150 بیمار اور زخمی بچوں کے غزّہ سے اخراج پر پابندی لگا دی
جمعہ کی نماز اسلام کی اجتماعیت کا عظیم الشان اظہار ہے: مولانا حافظ پیر شبیر احمد
اسرائیلی وزیر دفاع کا لبنان میں بھی محاذ جنگ کھولنے کا اشارہ

تفصیلات کے مطابق حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کے بیان پراسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ڈھٹائی برقرار ہے، نیتن یاہو نے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کے بیان کے جواب میں کہا کہ کسی بھی غلطی کی گنجائش نہیں ہے ، غلطی کی تو ایسی قیمت چکانی پڑے گی جس کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کا غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے، امریکہ اس تنازع کو لبنان تک پھیلا ہوا نہیں دیکھنا چاہتا۔

یاد رہے گذشتہ روز حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے خطاب میں اسرائیل کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے لبنان پر حملہ کیا تو وہ سب سے بڑی حماقت کا مرتکب ہو گا، اسرائیل نے ہماری شہری آبادی نشانہ بنائی تو ان کے شہروں پر بم برساتے ہوئے نہیں ہچکچائیں گے۔

حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ حزب اللہ 8اکتوبر سے اسرائیل کےخلاف جنگ کاحصہ ہے، ہم ڈرنے والے نہیں، حماس کا حملہ اسرائیل کے لئے عسکری اور سیکیورٹی اعتبار سے زلزلہ تھا، مٹھی بھر سرفروشوں نے ثابت کردیا اسرائیل کا وجود مکڑی کے جالے سے بھی کمزور ہے۔

انھوں نے کہا تھا کہ عرب ملک اسرائیل کو تیل ،خوراک، اور ایندھن کی سپلائی بند کرکے سفارتی تعلقات ختم کریں، کیا مسلم ملک اتنے کمزور ہیں کہ امداد کا ایک ٹرک غزہ نہیں پہنچا سکتے۔