شمالی بھارت

مغربی بنگال کے 10 اسمبلی حلقوں کا ضمنی الیکشن ایک اور آزمائش

مغربی بنگال میں لوک سبھا الیکشن نتائج کے اعلان کے بعد سیاسی جماعتیں اب ایک اور آزمائش سے گزرنے کی تیاری میں ہیں۔ 10 اسمبلی حلقوں میں جاریہ سال ضمنی الیکشن ہونے والا ہے۔

کولکتہ: مغربی بنگال میں لوک سبھا الیکشن نتائج کے اعلان کے بعد سیاسی جماعتیں اب ایک اور آزمائش سے گزرنے کی تیاری میں ہیں۔ 10 اسمبلی حلقوں میں جاریہ سال ضمنی الیکشن ہونے والا ہے۔

لوک سبھا الیکشن میں زبردست جیت کے بعد برسراقتدار ترنمول کانگریس نے تمام 10 اسمبلی حلقے جیتنے کا نشانہ مقرر کرلیا ہے۔ دوسری جانب بی جے پی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھگوا جماعت بھی یہ حلقے برقرار رکھنے پر تُلی ہوئی ہے۔

2021 کے اسمبلی الیکشن میں اُس نے 4 حلقے جیتے تھے۔ ترنمول امیدوار 6 حلقوں سے فاتح رہے تھے۔ ترنمول کانگریس کے 5 ارکان ِ اسمبلی جگدیش چندربرما بسونیہ‘ اروپ چکرورتی‘ جون ملا‘ پارتھا بھاؤمک اور حاجی نورالاسلام لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے۔

انہیں اسمبلی کی رکنیت چھوڑنی ہوگی جس کے نتیجہ میں 5 اسمبلی حلقوں میں ضمنی الیکشن لازمی ہوگا۔ دوسری جانب مانک ٹلا حلقہ میں ضمنی الیکشن ترنمول کانگریس امیدوار سادھن پانڈے کے دیہانت کی وجہ سے ضروری ہوا ہے۔ پانڈے 2021میں متواتر تیسری مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

اسی طرح ضلع علی پور دوار کے حلقہ مداری ہاٹ میں ضمنی الیکشن لازمی ہوگیا ہے کیونکہ بی جے پی رکن اسمبلی منوج تیگا‘ علی پور دوار سے رکن لوک سبھا منتخب ہوئے۔ انہیں مداری ہاٹ کا حلقہ خالی کرنا ہوگا۔

مابقی 3 حلقوں میں ضمنی الیکشن کی وجہ دلچسپ ہے۔ یہاں کے سابق بی جے پی ارکان اسمبلی جاریہ لوک سبھا الیکشن سے قبل مستعفی ہوگئے تھے اور انہوں نے ترنمول کانگریس امیدواروں کی حیثیت سے الیکشن لڑا لیکن تینوں کو بھی شکست ہوئی۔

a3w
a3w