جرائم و حادثات

سڑک حادثہ میں ہلاک باپ کی لاش پر بچے کے رونے کا دل دہلادینے والا منظر(ویڈیو وائرل)

بچہ یہ نہیں سمجھ پایا کہ کیا ہورہا ہے۔ وہ سڑک پر پڑی اپنے باپ کی لاش پر سر رکھ کر مسلسل رورہا تھا۔ باپ کی لاش پر سررکھ کر بچے کے رونے کا منظر واقعی دل دہلا دینے والا تھا۔

حیدرآباد: دل دہلا دینے والے ایک واقعہ میں جمعرات کے روز ایک بچے کو جس کے والد حیدرآباد میں سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے، اپنے باپ کی لاش کے قریب روتا ہوا دیکھا گیا، یہ بچہ، اپنے والد کے ساتھ بائک پر جارہا تھا کہ حیدرآباد۔ وجئے واڑہ قومی شاہراہ پر انعام گوڑہ کے پاس ایک ڈی سی ایم ویان نے ٹکر دے دی۔

 اس حادثہ میں یہ شخص ہلاک ہوگیا جبکہ بچہ زخمی ہوگیا۔ 35سالہ شیٹی کنکا پرساد، اپنے فرزند کے ساتھ دودھ لانے جارہے تھے کہ ایک ڈی سی ایم ویان نے ان کی بائک کو روند دیا۔

 بائک سوار پرساد برسر موقع ہلاک ہوگیا جبکہ ان کابیٹا اس حادثہ میں زخمی ہوگیا۔ بچہ یہ نہیں سمجھ پایا کہ کیا ہورہا ہے۔ وہ سڑک پر پڑی اپنے باپ کی لاش پر سر رکھ کر مسلسل رورہا تھا۔ باپ کی لاش پر سررکھ کر بچے کے رونے کا منظر واقعی دل دہلا دینے والا تھا۔

 اطلاع ملنے پر پرساد کی بیوی،بچے کی ماں فوری جائے حادثہ پہونچی، راجمندری کا متوطن پرساد، کسب معاش کیلئے بیوی، ماں اور اپنے دوبچوں کے ساتھ حیدرآباد منتقل ہوا تھا۔ عبداللہ پور مٹ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہاسپٹل منتقل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔