جونپور میں محبوبہ موبائل ٹاور پر چڑھ گئی
اترپردیش کے جونپور میں شادی کی ضد پر نوجوان لڑکی موبائل ٹاور پر چڑھ گئی، محبوب کے مانگ میں سندور بھرنے کے بعد ساڑھے چار گھنٹے تک جاری رہنے والا ڈرامہ ختم ہوا۔
جونپور: اتر پردیش کے ضلع جونپور کے باری گاؤں میں اتوار کو محبوب سے شادی کی ضد پر موبائل ٹاور پر چڑھی ایک نوجوان لڑکی اپنے محبوب کے ہاتھوں مانگ میں سندور بھرے جانے کے بعد بحفاظت نیچے اتر آئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق نیہا گوتم اور ابھجیت گوتم دونوں کاسیروہ بسیروہ گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ دونوں کے درمیان معاشقہ چل رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ جب نیہا نے ابھجیت سے شادی کی بات کہی تو وہ پیچھے ہٹنے لگا۔
اس سے ناراض ہوکر نیہا آج صبح تقریباً 6 بجے موبائل ٹاور پر چڑھ گئی اور خود ہی 112 نمبر پر فون کرکے پولیس کو ٹاور پر چڑھنے کی اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم اور تھانہ انچارج جے پرکاش یادو پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم نے لڑکی کو بحفاظت نیچے اتارنے کی کوشش شروع کی، لیکن وہ اپنی ضد پر اڑی رہی۔
اس کا مطالبہ تھا کہ محبوب کو موقع پر بلایا جائے اور وہ اسی کے شادی کرے گی۔ اس کے بعد پولیس محبوب ابھجیت کو تلاش کرکے موقع پر لے آئی۔ محبوب نے پہلے لڑکی کو سمجھانے کی کوشش کی اور پھر خود بھی ٹاور پر کچھ بلندی تک چڑھا، لیکن بلندی دیکھ کر گھبرانے لگا۔ کافی دیر تک اسے منانے کی کوششیں جاری رہیں۔
آخرکار تقریباً ساڑھے 4 گھنٹے بعد محبوب دوبارہ ٹاور پر چڑھا اور لڑکی بھی کچھ نیچے آئی۔ اسی دوران محبوب نے اس کی مانگ میں سندور بھر دیا۔ محبوب کے سندور بھرتے ہی لڑکی نیچے اترنے کے لیے تیار ہوگئی۔ اس کے بحفاظت نیچے آتے ہی موقع پر موجود بھیڑ نے تالیاں بجانا شروع کردیں۔ اس کے بعد پولیس دونوں کو اپنے ساتھ تھانے لے گئی۔