بین الاقوامی

جنوبی افریقہ میں اجتماعی فائرنگ، 17 افراد ہلاک

جنوبی افریقہ میں ایک ہی دن دو الگ مقامات پر اجتماعی فائرنگ کے واقعات، گاڑی اور کچی آبادی سے 17 افراد کی گولیوں سے چھلنی نعشیں برآمد، حملوں کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی۔

جوہانسبرگ (پی ٹی آئی) جنوبی افریقہ میں ایک ہی دن اجتماعی فائرنگ کے دو واقعات میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاکتوں کا مقصد فوری معلوم نہ ہوسکا۔ دونوں جائے واردات کا درمیانی فاصلہ 536 کلو میٹر بتایا جاتا ہے۔

شہر پیٹر مریٹزبرگ کے مضافات سویٹ واٹرس میں ایک گاڑی میں 8 افراد کی نعشیں گولیوں سے چھلنی پائی گئیں۔ اتوار کے دن فائرنگ کے اس واقعہ میں مہلوکین یا مشتبہ افراد کی فوری شناخت نہ ہوسکی۔

جنوبی افریقہ کے دارالحکومت پریٹوریا کے قریب جیفس ولے کی کچی آبادی میں 9 افراد کی نعشیں گولیوں سے چھلنی پائی گئیں۔

اتوار کی رات فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا۔ تاحال کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔ گذشتہ برس جرائم پیشہ ٹولیوں کے کئی اجتماعی فائرنگ کے واقعات پیش آئے تھے۔