اردو صحافیوں کے مسائل اور جی او ایم ایس 252 پر تحفظات، جرنلسٹس فیڈریشن کی وزیر اطلاعات سے ملاقات
لنگانہ میں اردو صحافیوں کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن نے اپنی سرگرمیوں میں تیزی پیدا کر دی ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں اردو صحافیوں کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن نے اپنی سرگرمیوں میں تیزی پیدا کر دی ہے۔ ریاست بھر میں اردو صحافیوں کو درپیش مسائل اور تحفظات کے ازالے کے لیے فیڈریشن مسلسل اعلیٰ سطح پر نمائندگی کر رہی ہے۔
اسی سلسلے میں گزشتہ روز ریاستی سطح کی ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی، جس کے بعد آج فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری سید غوث محی الدین نے سکریٹریٹ میں ریاستی وزیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ پونگو لیٹی سرینواس ریڈی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے جی او ایم ایس نمبر 252 سے متعلق اردو صحافیوں کے تحفظات پر مشتمل ایک تفصیلی یادداشت وزیر موصوف کو پیش کی۔
بعد ازاں اس یادداشت کی ایک نقل محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ (آئی اینڈ پی آر) کی کمشنر پریانکا چودھری کو بھی دی گئی، تاکہ اردو صحافیوں کے مسائل سے متعلق سرکاری سطح پر سنجیدہ غور و خوض کیا جا سکے۔
فیڈریشن کے قائدین نے بتایا کہ جی او 252 کے نفاذ کے بعد میڈیا ایکریڈیٹیشن، صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ تحفظ سے متعلق متعدد خدشات پیدا ہوئے ہیں، جن کا فوری ازالہ ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تلنگانہ کے دو لسانی ماحول میں اردو صحافیوں کو درپیش مخصوص مسائل کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن، جو ریاست بھر کے سینکڑوں اردو صحافیوں کی نمائندگی کرتی ہے، نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں فوری اور مثبت کارروائی کرے۔ فیڈریشن کو امید ہے کہ حکومت اردو صحافیوں کے مسائل کا سنجیدگی سے جائزہ لے کر انصاف پر مبنی فیصلہ کرے گی، جبکہ اردو صحافتی برادری اس سلسلے میں مثبت پیش رفت کی منتظر ہے۔