بین الاقوامی

موسمیاتی تبدیلی دنیا میں کیا قیامت ڈھانے والی ہے؟؟

اس وقت دنیا کے کئی ممالک دھوپ سے جل رہے ہیں۔ چین میں درجہ حرارت نے 52 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو کر گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے اور وہاں گرمی کے حوالے سے کئی اورینج الرٹ جاری ہوچکے ہیں۔

نئی دہلی: پوری دنیا موسمیاتی تبدیلیوں کی زدمیں ہے، کہیں سورج آگ برسا رہا ہے تو کہیں طوفانی بارشیں اور سیلاب تباہی مچا رہے ہیں، ایسے حالات میں عالمی اداروں نے خطرناک انتباہ جاری کر دیے ہیں۔

متعلقہ خبریں
گرمی کی لہر: تعلیمی اداروں کو 18 جون تک بند رکھنے کی ہدایت

میڈیا رپورٹس کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے اثرات نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ کہیں سورج آگ برسا رہا ہے تو کہیں طوفانی بارشیں، سیلاب اور سمندری طوفان قہر ڈھا رہے ہیں۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ نے خبردار کر دیا ہے کہ دنیا اب شدید گرمی کا سامنا کرنے کے لیے تیاری کر لے جب کہ دوسری جانب عالمی موسمیاتی تنظیم نے بھی شدید ہیٹ ویو کے سبب دل کے دورے اور اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔

اس وقت دنیا کے کئی ممالک دھوپ سے جل رہے ہیں۔ چین میں درجہ حرارت نے 52 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو کر گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے اور وہاں گرمی کے حوالے سے کئی اورینج الرٹ جاری ہوچکے ہیں۔

امریکہ کی ڈیتھ ویلی میں درجہ حرارت 56 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جو علاقے کو حقیقت میں موت کی وادی ثابت کرنے پر تلا ہے۔ امریکی شہر فینکس میں گرمی کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور شدید ترین درجے کی گرمی نے لوگوں کے اوسان خطا کر دیے ہیں۔

کینیڈا کے جنگلات سے اٹھتا دھواں شمالی اور مشرقی امریکہ پہنچ گیا ہے جس کے باعث 20 ریاستوں میں خراب ہوا کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔

جاپان اب تک ہیٹ اسٹروک سے متعلق 32 الرٹ جاری کر چکا ہے اور 60 سے زائد افراد ہیٹ ویو کے باعث اسپتالوں میں پہنچ چکے ہیں تو دوسری جانب یورپ میں بھی ہیٹ ویو عروج پر ہے۔

اٹلی کے دارالحکومت روم میں درجہ حرارت 41.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ کر ماحول کو مقامی افراد کے لیے تندور بنا رہا ہے۔ اٹلی کے 20 شہروں میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ جزیرے ساڈینیا کا درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا چکا ہے۔

سوئٹزر لینڈ، یونان اور اسپین کے جنگلات میں لگی آگ گرمی مزید بڑھا رہی ہے اور تیز ہوائیں آگ کو مزید بھڑکا رہی ہیں۔ کینیڈا کے جنگلات میں بھی 500 زائد مقامات پر لگی آگ بے قابو ہوچکی ہے اور اب تک 12 لاکھ ہیکٹر رقبے کو نگل چکی ہے۔

ادھر سورج سب کو جلا رہا ہے تو کئی ملک تباہ کن بارشوں، سیلاب اور سمندری طوفان کی زد میں ہے۔ پانی سب کچھ خس وخاشاک کی طرح بہا کر لے جانے پر تُل گیا ہے۔

طاقتور سمندری طوفان تالیم جنوبی چین اور ویتنام سے ٹکرا گیا ہے جس کے باعث متاثرہ علاقوں سے دو لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پار منتقل کیا جا چکا ہے۔

نیویارک سمیت امریکی ریاستوں میں رواں ماہ کے آغاز میں ہی بارشوں اور سیلاب نے تباہی کی نئی تاریخ رقم کی تو اب ماسکو میں بھی طوفانی بارشوں نے جل تھل ایک کر دیا ہے اور درجنوں پروازیں منسوخ جب کہ تاخیر کا شکار بھی ہو رہی ہیں۔

جنوبی کوریا میں موسلادھار بارشوں اور سیلاب نے معمولات زندگی درہم برہم ہوگیا ہے۔ انڈر پاسز میں پھنس کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔

a3w
a3w