”پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرکے ہی عوام کو انصاف فراہم کیا جا سکتا ہے“:ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر جتیندر
وہ ہفتہ کی شب ورنگل پولیس کمشنریٹ کے زیر اہتمام پی ٹی سی مامونور میں گزشتہ تین دنوں سے جاری دوسری تلنگانہ پولیس ڈیوٹی میٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جیل محکمہ کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سومیامیشرہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئیں۔

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر جتیندر نے کہا کہ پولیس افسران جب اپنے پیشہ میں اعلیٰ مہارت کا مظاہرہ کریں گے تبھی عوام کو صحیح انصاف فراہم کر سکیں گے۔
وہ ہفتہ کی شب ورنگل پولیس کمشنریٹ کے زیر اہتمام پی ٹی سی مامونور میں گزشتہ تین دنوں سے جاری دوسری تلنگانہ پولیس ڈیوٹی میٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جیل محکمہ کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سومیامیشرہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئیں۔
پی ٹی سی پہنچنے پر مہمانوں کا پولیس کمشنر نے پھولوں کے گلدستے پیش کر کے خیرمقدم کیا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی کے ہاتھوں مختلف شعبوں میں چیمپئن شپ حاصل کرنے والے پولیس شعبوں کو ٹرافیاں دی گئیں۔ ان مقابلوں میں سب سے زیادہ میڈلز حاصل کرنے والے سائبرآباد پولیس کمشنریٹ نے ڈی جی پی کے ہاتھوں اوور آل چیمپئن شپ ٹرافی حاصل کی۔
ڈی جی پی ڈاکٹر جتیندر نے خطاب کرتے ہوئے پولیس افسران و جوانوں کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقابلے پولیس فورس میں نئی توانائی بھرتے ہیں اور آنے والے قومی پولیس ڈیوٹی میٹ میں مزید تمغے حاصل کرنے کے لئے تحریک فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان مقابلوں سے پولیس اہلکار اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو مزید نکھار سکتے ہیں اور اس کے ذریعہ بہتر پولیسنگ فراہم کر سکتے ہیں۔ تحقیقات کے عمل میں بھی یہ ڈیوٹی میٹس پولیس افسران کے لئے معاون ثابت ہوں گے۔
جیل محکمہ کی ڈی جی ڈاکٹر سومیامیشرہ نے کہا کہ دوسری بار ورنگل میں ریاستی سطح کی ڈیوٹی میٹ کے اختتامی پروگرام میں شرکت کرنا ان کے لئے خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ ایس پی کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں تب ڈیوٹی میٹ کا انعقاد کیا گیا تھا، جو اب یادیں تازہ کر رہا ہے۔ جلد ہی جیل محکمہ میں بھی ریاستی سطح پر ڈیوٹی میٹ منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
بعد ازاں منعقدہ ثقافتی پروگراموں اور آتش بازی کے مظاہرے نے حاضرین کو محظوظ کیا۔ اس پروگرام میں ملٹی زون آئی جی پی چندرشیکھر ریڈی، سی آئی ڈی ڈی آئی جی نارائن نائک، ورنگل و ہنمکنڈہ اضلاع کی کلکٹرس ڈاکٹر ستیہ شاردا، سنیہ شبریش، بھوپالپلی و محبوب آباد اضلاع کے ایس پیز کرن کرگے، سدھیر کیکن، پی ٹی سی پرنسپل پوجا، این پی ڈی سی ایل سی ای، ورن ریڈی، میونسپل کمشنر چاہت بجاج کے علاوہ پولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی۔