قومی

جسٹس ترلوک سنگھ چوہان ہماچل پردیش ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس مقرر

ہماچل پردیش ہائی کورٹ کے سینئر ترین جسٹس ترلوک سنگھ چوہان کو اسی ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے۔

نئی دہلی: ہماچل پردیش ہائی کورٹ کے سینئر ترین جسٹس ترلوک سنگھ چوہان کو اسی ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے۔

مرکزی وزارت قانون و انصاف کے محکمہ انصاف کی جانب سے منگل کو ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے قائم مقام چیف جسٹس کی تقرری کا اعلان کیاگیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس چوہان کی تقرری 20 اپریل سے عمل میں آئی ہے۔ موجودہ قائم مقام چیف جسٹس (محترمہ) جسٹس سبینہ اسی دن ریٹائر ہو جائیں گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 223 کے ذریعے دیے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے، صدر نے جسٹس ترلوک سنگھ چوہان کی تقرری کی منظوری دی اور خوشی کا اظہار کیا۔

مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو نے ٹویٹ کرکے جسٹس چوہان کو قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر مقرر ہونے پر نیک خواہشات اور مبارکباد دی۔

انہوں نے ٹویٹر پر لکھا، "آئین ہند کے التزامات کے مطابق، عزت مآب صدر نے ہماچل پردیش ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس ترلوک سنگھ چوہان کو 20 اپریل 2023 سے اسی ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کیا ہے۔ میں ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔”

ذریعہ
یواین آئی