تلنگانہ

کے چندر شیکھر راؤ کا عوامی وعدوں کی تکمیل سے انحراف: انوراگ ٹھاکر

مرکزی وزیر اسپورٹس انوراگ ٹھاکر نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر اسپورٹس انوراگ ٹھاکر نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں۔

متعلقہ خبریں
مرکزی وزیرکشن ریڈی کا دورہ سعودی عرب
بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا کی کانگریس حکومت اور چیف منسٹر ریونت ریڈی پر شدید تنقید
مودی اور کے سی آر پر مذہب اور ذات کی سیاست کا الزام
بی جے پی کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت
’بی جے پی ساری جھگی جھونپڑیاں ڈھا دے گی‘

جبکہ چیف منسٹر کے سی آر نے عوام کو بھروسہ دلایا تھا کہ وہ ان سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری نہیں گریں گے تو اپنا سرکاٹ دیں گے۔ انوراگ ٹھاکر آج بی جے پی دفتر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر نے علیحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران ایک دلت کو ریاست کا چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کیا تھا۔

دلتوں کو فی خاندان 3ایکر اراضی، غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات، بے روزگاروں کو ماہانہ بھتہ دینے اور بے روزگار نوجوانوں کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کے علاوہ کئی وعدے کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ کے قیام کے بعد کے سی آر کے فرزند، دختر، بھانجوں اور خاندان کے دیگر لوگوں کو روزگار حاصل ہوگیا ہے جبکہ علیحدہ تلنگانہ کیلئے کئی نوجوانوں نے جانوں کو قربان کردیا تھا لیکن انہیں کچھ نہیں مل پایا۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا نظم ونسق ایک شخص کے سی آر کے ہاتھوں میں آگیا ہے۔ وہ اپنی من مانی کررہے ہیں۔ انہوں نے بی آر ایس کے قیام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی کا تلنگانہ کے علاوہ ملک کی کسی بھی ریاست میں سیاسی کیڈر نہیں ہے۔ تو کس طرح اس جماعت کو قومی سیاسی جماعت کہہ سکتے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ وقت آرہا ہے کہ ریاست کے عوام، بی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اور بیرون ممالک کے سرمایہ دار ریاست میں سرمایہ کاری کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ ملک میں تلنگانہ تمام شعبوں میں پچھڑی ریاست بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے کئی پراجکٹس کا آغاز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ریاستی حکومت ان پراجکٹس پر عمل آوری کیلئے مرکزی حکومت سے تعاون نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے کانگریس کے قائد راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی پالیسیوں کی تائید کرنے کے بجائے اس پر تنقید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے راجیو گاندھی فاؤنڈیشن کوکثیر رقم کا چندہ دیا گیا تھا۔

اس لئے وہ ہمیشہ چین کے مسئلہ پر حکومت پر تنقید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج نے پاکستان میں دہشت پسندوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے کیلئے سرجیکل اسٹرائک کی تھی راہول گاندھی اس مسئلے پر جھوٹے بیانات دیتے ہیں۔ اس موقع پر صدر ریاستی بی جے پی بنڈی سنجے کے علاوہ دیگر موجود تھے۔